ملتان (سچ خبریں)پاکستان کا ایک اور ائیرپورٹ بین الاقوامی معیار کا ائیرپورٹ بن گیا، بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بین الاقوامی سفری سہولیات میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی، اس حوالے سے سول ایوی ایشن نے احکامات جاری کردئیے۔
سول ایوی ایشن نے نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کرتے ہوئے ملتان ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت دی۔ نوٹم میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سے ملتان ائیرپورٹ پر بوئنگ 777، ایئر بس 330، ایئر بس 340، اور ایئر بس 350 لینڈ کر سکیں گے۔ نوٹم میں کہا گیا ہے کہ ملتان ایئر پورٹ کو بڑے جہازوں کی لینڈنگ کے لیے یکم اگست سے 31 جولائی 2024 تک اجازت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت کراچی، لاہور، پشاور اور اسلام آباد کے ائیرپورٹس بڑے جہازوں کی آمد و رفت کیلئے استعمال ہوتے ہیں، اب سے جنوبی پنجاب کا شہر ملتان بھی بڑے جہاز ہینڈل کر سکے گا، جس باعث ملتان میں بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت میں اضافہ ہو گا۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت صرف اسلام آباد ائیرپورٹ دنیا کے سب سے بڑے مسافر جہاز ائیربس اے 380 کی لینڈنگ کو ہینڈل کرنے کے قابل ہے۔
نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کو پاکستان کا عالمی معیار کا سب سے بہترین اور سب سے بڑا ائیرپورٹ قرار دیا جاتا ہے۔ جبکہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ گوادر شہر میں زیر تعمیر نیا انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی عالمی معیار کے مطابق ہو گا، یہ ائیرپورٹ ملک کا دوسرا ائیرپورٹ ہو گا جہاں ائیربس اے 380 طیارہ لینڈ کر سکے گا۔