اسلام آباد(سچ خبریں) شدید برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، 3 دن کیلئے مری اور گلیات جانے سے گریز کی ایڈوائزری جاری ، مغربی اور بالائی علاقوں میں موسم بتدریج خراب رہنے کا امکان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں برفباری اور بارش کی پیش گوئی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے مری اور گلیات کا رخ کرنے والے تمام سیاحوں کو 18 سے 20 جنوری تک مختلف پہاڑی مقامات کا دورہ کرنے سے گریز کرنے کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی۔
جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ منگل 18 جنوری سے مری میں برفباری جبکہ ملک کے دیگر کئی علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔ جاری ایڈوائزری کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 18 جنوری سے ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں موسم بتدریج خراب رہنے کا امکان ہے اور یہ صورتحال 20 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے۔
اس دوران ہلکی، درمیانی اور شدید درجے کی بارش اور برفباری سے مری میں سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہو سکتا ہے۔اس صورتحال میں موٹروے پولیس نے سیاحوں کو تلقین کی ہے کہ منگل سے جمعرات تک مری اور گلیات جانے سے گریزکریں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں بھی برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں برفباری کا امکان ہے مگر یہ حالیہ برفباری جیسی نہیں ہوگی۔ یہاں واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب حکومت نے مری میں سیاحوں کے داخلے پر عائد پابندی مشروط طور پر ختم کر دی گئی تھی۔ حکومت نے مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔