لاہور: (سچ خبریں) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مریم نواز کی واپسی پر اسحاق ڈار نے 35 روپے پٹرول مہنگا کرکے سلامی دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں چوہدری پرویزالہٰی سے سابق وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے ملاقات کی، اس ملاقات میں دونوں سیاسی رہنماؤں نے سیاسی صورتحال، ملکی معاملات اور معاشی صورتحال پر بات چیت کی، اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مریم نواز کی واپسی پر اسحاق ڈار نے35روپے پیٹرول مہنگا کرکے سلامی دی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کریڈٹ نواز شریف اور مریم نواز کو جاتا ہے، مہنگائی کا جن بے قابو ہے اور حکومت کوانتقامی کارروائیوں سے فرصت نہیں۔
چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال تباہ اور جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوچکا ہے، ملک میں اس وقت انتظامی گورننس نہ ہونے کے برابر ہے، ڈویلپمنٹ منصوبوں سے جو روزگار کے مواقع پیدا ہورہے تھے وہ بھی بند ہوگئے، قوم کو مہنگائی کے عذاب میں پھنسا نے والوں کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے اور نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا، اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 35 روپے فی لٹر اضافی کیا جارہا ہے جب کہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت بھی 35 روپے بڑھائی جارہی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 262 روپے 80 پیسے کا ہوگیا، اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 18, 18 روپے فی لٹر اضافی کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی کیروسین آئل فی لیٹر 189روپے83پیسے کا ہو گیا جب کہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 187روپے کردی گئی ہے۔