راولپنڈی(سچ خبریں)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کا دن خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر کے قریب تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا،فوجی جوانوں کے ساتھ ملاقات اور عید کی مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ نے مادر وطن کے دفاع کیلئے ان کے بلند جذبوں اور غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے بارڈر سیکورٹی کیلئے کیے گئے مؤثر اقدامات اور پیشہ وارانہ حربی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ بری فوج کے سربراہ نے پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر کے ساتھ تیزی سے باڑ کی تنصیب کیلئے اقدامات کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ابھرتے ہوئے چیلنجز کے پیش نظر اپنی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام خطرات سے ہر قیمت پر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی، مواصلاتی ڈھانچے کے فروغ، سکول، ہسپتالوں اور مقامی آبادی کی بحالی کیلئے اقدامات سمیت دیگر جاری منصوبوں کی تکمیل میں سول انتظامیہ کی معاونت کیلئے مسلسل خدمات کو بھی سراہا۔ قبل ازیں ان کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا ۔
بعد ازاں آرمی چیف اور ان کی اہلیہ نے لاہور میں شہید کیپٹن عفان مسعود خان اور شہید لیفٹیننٹ محمد اکاشا طلال کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر کور کمانڈر لاہور ، لیفٹیننٹ جنرل محمد عبد العزیز بھی موجود تھے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ ہری پور کے قریب شہید کیپٹن باسط علی کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور ان کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کرکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملکی دفاع کیلئے اپنی جان قربان کر دینے سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں، پوری قوم کو اپنے ہیروز کی جانب سے پیش کی گئی قربانیوں پر فخر ہے۔