غیر قانونی قبضوں کے خلاف سخت کاروائی ہو گی: شبلی فراز
اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کوئی بھی غیرقانونی قبضہ جو سرکاری یا سیاسی لوگوں کی سرپرستی میں ہو گا تو اس پر سخت کارروائی کی جائے گی حکومت کی زمین اور اثاثوں کی حفاظت ہمارا آئینی، اخلاقی اور جمہوری فرض بنتا ہے اور سرکاری یا سیاسی سرپرستی میں غیرقانونی قبضے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ سرکاری زمینوں خصوصاً ریلوے کی زمین پر لوگ بہت آسانی سے قابض ہو جاتے ہیں اور وہاں مختلف سرگرمیاں شروع کر دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر ریلوے اعظم سواتی کو تلقین کی گئی ہے کہ اس معاملے کو بہت سختی سے لینا ہے اور حکومت کی زمین اور اثاثوں کی حفاظت ہمارا آئینی، اخلاقی اور جمہوری فرض بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ زمینوں پر قبضے کرتے ہیں تو قانون کی حکمرانی کو دھچکا لگتا ہے اور لوگوں خصوصاً بیرون ملک رہنے والوں میں عدم تحفظ کا احساس جنم لیتا ہے لہٰذا ہم نے ایسے اقدامات کرنے ہیں جس سے لوگ اپنی زمینوں کے بارے میں فکرمند نہ ہوں۔
شبلی فراز نے کہا کہ کوئی بھی غیرقانونی قبضہ جو سرکاری یا سیاسی لوگوں کی سرپرستی میں ہو گا تو اس پر سخت کارروائی کی جائے گی
ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک نیا پاکستان ہاؤسنگ کا تعلق ہے تو یہ نہیں ہے کہ حکومت یہ گھر بنائے گی، حکومت کا کام ہے کہ وہ لوگوں کے لیے سہولت کار بنے جو گھر خرید نہیں سکتے یا ان میں ان معاشی سکت نہیں ہے۔