اسلام آباد(سچ خبریں) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو خصوصی پیغامات دئیے اور مبارک بادیں بھی پیش کیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق عید قربان کے پُر مسرت موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اﷲ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو، قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے، یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیت کو اْجاگر کرنے کا جذبہ مہیا کرتا ہے جو اْسے بڑی سے بڑی مشکل صورتحال میں بھی راہ ِراست سے بھٹکنے نہیں دیتا۔
یہی وہ جذبہ تھا، جس کے تحت پاکستانی قوم نے کرونا وائرس جیسی عالمگیر وبا سے حفاظت بڑی دانشمندی، قومی حکمت عملی اور حوصلہ سے کی ہے، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچار تھا اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اب وہ حالات تبدیل ہو رہے ہیں، ہماری معیشت درست سمت پر آچکی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معاشی اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں، مختلف اسکیموں کے ذریعے لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا اور پوری پاکستانی قوم کا سر اقوام عالم کے سامنے فخر سے بلند ہو گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی عید الاضحیٰ پر قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس اسلامی تہوار میں ہمارے لئے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔
صدر مملکت نے قوم سے اپیل کی کہ وہ کرونا وائرس کی وبا میں سرخرو ہونے کیلئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے اور احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھے ، عید قربان کے موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کرمدد کرے۔