?️
اسلام آباد:(سچی خبریں) سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے توہین عدالت کیس کے التوا کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ میں عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے توہین عدالت کیس میں التوا کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مؤکل افسوسناک واقعے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہیں، اس وجہ سے معاملے پر جواب جمع کرانا ممکن نہیں، استدعا ہے کہ مقدمہ کو فی الحال سماعت کے لیے مقرر نہ کیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے عمران خان سے مشاورت کے بعد تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا، تاہم اب عمران خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد 7 نومبر کو کیس کی سماعت نہ کی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے عمران خان سے 25 مئی کے مارچ کے دوران ہونے والے واقعات اور عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر تفصیلی جواب طلب کیا تھا۔
2 نومبر کو ہونے والی سماعت میں عدالت عظمیٰ نے عمران خان سے 5 نومبر تک تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی تھی۔
واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے 25 مئی کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر عمران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
اس درخواست میں حکومت نے سابق وزیر اعظم کو لانگ مارچ کے ذریعے ریاست کے خلاف جہاد کے نام پر امن و امان کی صورت حال بگاڑنے سے روکنے کا حکم بھی طلب کیا تھا۔
25 مئی کے اس عدالتی حکم میں پی ٹی آئی کو اسلام آباد کے ایچ-نائن اور جی-نائن کے درمیان پشاور موڑ کے قریب ‘آزادی مارچ’ کے انعقاد سے روک دیا گیا تھا، تاہم عمران خان اور ان کے حامیوں نے عدالتی احکامات کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی چوک کا رخ کیا تھا۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ مئی میں دیے گئے حکم پر سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت اور ان کے وکیل کی جانب سے اس بات کی واضح یقین دہانیوں کے پیش نظر سیکٹر ’ایچ نائن اور ’جی نائن‘ کے درمیان واقع گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کرنے کی ہدایت کی تھی کہ ان کی ریلی سے سری نگر ہائی وے کو کسی قسم کی تکلیف یا بلاک کرنے یا عوام کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور ریلی پرامن اور قانونی طریقے سے آگے بڑھے گی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان یقین دہانیوں کے باوجود پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے ہدایات کو صریح نظر انداز کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو ڈی چوک پہنچنے کی تلقین کی اور یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ عدالت نے بغیر کسی شرط کے مارچ کی اجازت دی تھی۔
توہین عدالت کی درخواست میں عوام بالخصوص اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عدالت عظمیٰ کے حکم پر عمل درآمد کی استدعا کی گئی۔
عدالت عظمیٰ سے یہ بھی استدعا کی گئی کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے مستقبل کے تمام احتجاجی مظاہروں کے لیے جامع ہدایات بھی جاری کرے جس میں احتجاج کی تاریخ کی پیشگی اطلاع، مقام کا انتخاب، عوامی معمولات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کرنے کی یقین دہانی اور اس عزم کا اظہار شامل ہو کہ مظاہرین سرکاری یا نجی املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا موجودہ حکمرانوں اور ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر میں اپنایا ہوا لہجہ انتہائی اشتعال انگیز تھا جس کا مقصد عدم اعتماد اور توہین کی حوصلہ افزائی اور بغاوت کو ہوا دینا تھا۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سے نہ صرف عوام میں بلکہ عالمی برادری اور سرمایہ کاروں کے لیے بھی اس مبینہ جہاد کے اثرات کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔
حکومت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے مارچ کو بلا روک ٹوک اور بے ضابطگی کے جانے دیا گیا تو اس سے نہ صرف پورے ملک میں سیاسی اور امن و امان کی مخدوش صورتحال پیدا ہوجائے گی بلکہ وفاقی حکومت کی توجہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کی کوششوں سے جڑواں شہروں کے مکینوں کی زندگیوں پر اثرات دور کرنے کی جانب مبذول ہوجائے گی۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ پارٹی سربراہ کے ماضی کے طرز عمل، خاص طور پر 25 مئی کے واقعات اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، سرکاری اور نجی املاک کو تباہ کرنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کی ان کی مبینہ حوصلہ افزائی کو دیکھتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے ان کے آئندہ احتجاج کے بارے میں سخت ہدایات کی ضرورت ہے۔


مشہور خبریں۔
شدت پسند گروہ افغانستان اور اس سے باہر کی دنیا کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں، وزیراعظم
?️ 11 نومبر 2025اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شدت
نومبر
دہشت گردی کی ابھرتی لہر، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کا مطالبہ
?️ 1 دسمبر 2022اسلام آباد:(سچ خبریں) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے پاکستانی
دسمبر
بیرونی مداخلت یا اندرونی ناکامی؛ تیونس کے سیاسی بحران کی وجوہات کیا ہیں؟
?️ 3 اگست 2021سچ خبریں:تیونس میں سیاسی بحران کے طول و عرض کیا ہیں اور
اگست
اسرائیل کیوں ہارا، حماس کیسے جیتی؟امریکی ماہرین کی زبانی
?️ 27 نومبر 2023سچ خبریں: الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی ماہرین نے غزہ جنگ
نومبر
صیہونیوں کی جنوبی افریقہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش؛ وجہ؟امریکی جریدے کا انکشاف
?️ 10 ستمبر 2024سچ خبریں: امریکی جریدے نے انکشاف کیا ہے کہ تل ابیب کی
ستمبر
"زنگزور” کوریڈور کے لیے امریکہ کا منصوبہ اور سفارتی اسٹیبلشمنٹ کو وارننگ
?️ 17 جولائی 2025 سچ خبریں: جنوبی قفقاز کا خطہ صدیوں سے ایران، روس اور
جولائی
عمران خان کی سینئر صحافیوں سے گفتگو
?️ 8 جولائی 2022لاہور: (سچ خبریں) پی ٹی آئی کے چیئر مین اورسابق وزیراعظم عمران
جولائی
رواں مالی سال کے 5 ماہ میں ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ، نومبر میں 5 فیصد کمی
?️ 10 دسمبر 2024اسلام آباد: (سچ خبریں) رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ (جولائی
دسمبر