اسلام آباد (سچ خبریں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الفطر پر قوم کے نام اپنے پیغام میں اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو عید کی دلی مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ضرورت مندوں اورمحتاجوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس عید پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مصافہ اور معانقہ سے گریز کرتے ہوئے سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔
صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ کورونا کے سبب معاشی تنگ دستی کے شکار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ دعائیں کی جائیں کہ وہ ہمیں اس وبا کی ہولناکیوں سے محفوظ فرمائے۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی قوم کے نام اپنے پیغام میں اہل وطن کو عید الفطر کی دلی مبارک پیش کی۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے باور کرایا کہ ‘یہ عید مختلف ہے چونکہ دنیا وبائی امراض کا مقابلہ کررہی ہے’۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوام ذمہ داری کے ساتھ عید الفطر منائیں اور اس دوران کورونا سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی کی وجہ سے آج ہر مسلمان غمزدہ ہے۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے بغیر ہماری عید کی خوشیاں نامکمل ہیں۔چوہدری سرور نے کہا کہ عوام عید سادگی سے منائیں اور کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی عید کی مبارکباد دیتے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ یہ دن آپ کو اور آپ کے اہلخانہ کے لیے بڑی خوشی کا باعث بنے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے بھی عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کورونا کے خلاف حفاظتی اقدامات اپنانے پر زور دیا۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عید مناتے ہوئے یہ ایک لمحے بھی نہ بھولیں کہ کورونا کے خلاف جنگ جاری ہے۔یاسمین راشد نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کرنا ہر گز نہ بھولیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عید الفطر پر سادگی سے خوشیاں منا کر ذمہ دار پاکستانی ہونے کا ثبوت دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کورونا کی شدید لہر سے گزر رہا ہے جبکہ صرف پنجاب میں 8 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عید الفطر پر انتہائی مختصر پیغام دیا۔عید پر اپنوں کا خاص خیال رکھیں اور گھر میں رہیں، پیپلز پارٹی
علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارک دیتے ہوئے زور دیا گیا کہ عید پر اپنوں کا خاص خیال رکھیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے کورونا وائرس کے تناظر میں کہا گیا کہ اس عید پر اپنوں کا خاص خیال رکھیں اور گھر میں رہیں اور محفوظ رہیں۔