لاہور (سچ خبریں)وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی کے لیے تجاویز مانگ لیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ماڈل ٹاؤن لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ہنگامی اجلاس ہوا ، 2 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں وزیراعظم نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ادویات مفت فراہم کرنے کے حوالے سے تجاویز طلب کی ہیں ۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب کامران افضل ، سابق صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق اور دیگر حکام نے شرکت کی ، اس دوران وزیراعظم نے پاکستان کڈنی اینڈ لیورہسپتال میں غریبوں کا مفت علاج کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ دوسری طرف وفاقی وزیر صحت عبدلقادر پٹیل نے زندگی بچانے والی ادویات سستی کرنے کا وعدہ کر لیا ، انہوں نے کہا کہ زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی اولین ترجیح ہے جس کے لیے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات منگوا لی ہیں ، ادویات کی قیمتوں میں کمی کے لیے کابینہ اور وزیراعظم سے رہنمائی لی جائے گی، صحت ایسا شعبہ ہے جس پر ٹیکس کم سے کم ہونا چاہئیے، حکومت کی کوشش ہو گی غریب سستا اور معیاری علاج مہیا کیا جا سکے ، وعدہ ہے زندگی بچانے والی سستی ادویات جلد عوام کی پہنچ میں ہوں گی۔
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے پمز ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جا ئزہ لیا ،انہوں نے ہسپتال کی ایمرجنسی سمیت تمام وارڈز کا تفصیلی دورہ بھی کیا ، اس دوران ہسپتال کی انتظامیہ نے وفاقی وزیر صحت کو مریضوں کو دی جانے والی سہولیات بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر عبدالقادر پٹیل نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں، دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے ، تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف محنت، لگن اور جذبے سے کام کریں، موجودہ حکومت سماجی شعبے اور عوام کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کو یقینی بنائے گی۔