لاہور(سچ خبریں) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے شہباز شریف اور مریم نواز شریف کے کیس کو طول دے رہے ہیں، شہبازشریف اگر انٹر نیشنل صادق اور امین ہیں تو عدالت میں شواہد لے کر آئیں اور بریت کی درخواست دائر کریں، وہ مجھے عدالت کیوں نہیں لے کر جاتے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا شہباز شریف کا احتساب عدالت میں کیس تھا لیکن وہ بہانہ بنا کر اسلام آباد چلے گئے، یہ ان کی شو بازی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کے بعد شہباز شریف کے اثاثے تیزی سے بڑھے، 1990 میں ان کے اثاثے 21 لاکھ تھے جب کہ 2003 سے 2009 تک شہباز فیملی کے اثاثوں میں 66 کروڑ کا اضافہ ہوا۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے مجھےعدالتوں میں گھسیٹنے کا اعلان کیا تھا، وہ مجھے عدالت کیوں نہیں لے کر جاتے، احتساب کا یہ کیس عدالتی نظام کیلئے چیلنج ہے، نئے آرڈینینس کے بعد 6 ماہ میں کیس کا فیصلہ لازم ہے۔مشیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں ان کیسز کے فیصلے ہوجائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے، کوئی حکومت نہیں چاہے گی کہ مہنگائی کرکے عوام میں غیر مقبول ہو۔