لاہور: (سچ خبریں) سی ٹی ڈی نے مختلف کارروائیوں کے دوران 44دہشتگردوں کو گرفتار کرلیاگیا،بارودی مواد و اسلحہ برآمد، دہشت گردوں کی شناخت محمد خان، عبدالروف، حبیب اللہ، محمد شہزاد اور حمایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ہونے والوں میں اسامہ، عظیم، طارق خان، تنویر احمد، احسن اور دیگر شامل ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران لاہور سے ٹی ٹی پی کے 2 خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، جیکٹ، ہینڈ گرنیڈ اور 37 ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد مختلف مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، مئی میں 2738 کومبنگ آپریشنز کے دوران 673 مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 96 ہزار 796 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، نارووال اور سیالکوٹ میں کی گئیں، اس کے علاوہ خانیوال، منڈی بہاوالدین، جھنگ، رحیم یار خان اور بہاولپور میں بھی آپریشنز کئے گئے۔یاد رہے چند روزقبل محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے حیدر آباد کے قریب مٹیاری میں کارروائی کرکے دہشت گرد گرفتار کرلیاتھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد سے اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد کئے گئے تھے۔
اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔اسی طرح ایک اور کارروائی کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سندھ اور وفاقی حساس ادارے نے کراچی کے علاقے نورس چورنگی منگھوپیر روڈ پر ٹارگیٹڈ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا تھا۔ترجمان سی ٹی ڈی سندھ نے بتایا کہ ملزم یوسف خان عرف گل یوسف کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر عظمت اللہ گروپ سے تھا جس کے قبضہ سے امریکی ساختہ دستی بم برآمد ہوا تھا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے 2006 میں تحریک طالبان پاکستان سے منسلک ہوا تھا۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایاتھا کہ ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کی جو کارروائیاں کیں، ان میں 2009 میں سیلہ سوئی قلعہ جنوبی وزیرستان ایف سی پر حملہ کمانڈر نور ولی کی سر براہی میں کیا، اور سروکئی پیسہ جنوبی وزیرستان میں ایف سی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا کیا، جس میں 6 جوان زخمی ہوئے تھے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی کراچی میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیاتھا۔