کراچی (سچ خبریں)پاکستان میں کورونا کی نئی قسم نے قدم رکھ لیا ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا کے خطرے سے باخبر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے بارے میں جو اقدامات کئے اس کا فائدہ ہوا، کورونا کا خطرہ موجود ہے، جلسے میں تمام حفاظتی انتظامات کریں گے۔
سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سمجھ سے باہر ہے، یہ کیا چاہتے ہیں، دس ماہ سے بلدیاتی بل پر کام کر رہے تھے، سب سے مشاورت کی ہے، اسمبلی میں وہی مسودہ لائے تھے جس میں سب سے مشاورت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کا کوئی سیاسی کردار نہیں ہوتا، انہیں خود خیال کرنا چاہیے، گورنر کی تمام آبزوریشن پوری کی۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم نے ساری باتیں مان لی تھیں اس کے باوجود ہنگامہ کیا گیا، میں نے تقریر میں کہا کہ جاہل اپوزیشن سے واسطہ پڑا ہے، میں نے کہا تھا کہ لسانیت پر مبنی باتیں نہ کریں لیکن انہوں نے کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ میں صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں، صرف سہون کا نہیں، یہ افراتفریح اور گالم گلوچ چاہتے ہیں، اس پر انہیں شاباش ملتی ہے، منارٹی کہا تو انہیں یہ لگا کہ میں غیرمسلم کہہ رہا ہوں۔