کراچی (سچ خبریں) کورونا وائرس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ بھارتی ویرینٹ کے سبب رواں برس اگست میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی، اگست میں 903 افراد جاں بحق ہوئے۔ جنوری میں 431، جون میں 428اموات رپورٹ ہوئیں، جولائی میں کوروناسے543 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں کورونا کی چوتھی لہر کے وار جاری ہے ، محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رواں برس کورونا سے سب سے زیادہ اموات اگست میں ہوئیں، کورونا وائرس سے اگست میں 903 افراد انتقال کرگئے، سال 2020جون میں 904افرادکاانتقال ہوا تھا۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ رواں سال جنوری میں 431، جون میں 428اموات رپورٹ ہوئیں، جولائی میں کوروناسے543 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، اگست میں زیادہ اموات کاسبب بھارتی ویرینٹ ہے۔
خیال رہے نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ عالمی سطح کی طرح پاکستان میں بھی بھارتی ڈیلٹاویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، مریضوں کے اسپتالوں میں داخل ہونے کےامکانات بڑھ رہےہیں، ابھی اسپتال اور انتہائی نگہداشت کےمریضوں کی تعداد کوویڈ کے آغاز سےسب سےزیادہ ہے، برائے مہربانی ایس او پیز پر عمل کریں اور ویکسین لگائیں۔