اسلام آباد(سچ خبریں)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ سائنوفارم ختم ہونے کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں ملک میں سائنوفارم ویکسین کی کمی نہیں ہے، دکھ کی بات ہے کہ کچھ غلط معلومات جان بوجھ کر بھی پھیلائی جاتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جو ہدایات جاری کی گئیں ان کو تمام صوبوں اور پاکستانیوں نے اپنایا اور اس کا خاطر خوا اثر ہمیں نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں رہنے والے افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ انہوں نے ڈسپلن کے ساتھ ان پر عمل درآمد کیا اور ان تدابیر کو جاری رکھنا ہے کیونکہ بیماری کی صورت حال ایسی نہیں کہ ہم ان کو ختم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے، سب کو دعوت دیتا ہوں کہ جیسے آپ کی باری آتی ہے ویکسین ضرور لگوائیں، ہمارے ویکسینیشن کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی ہے اور یہ عمل جاری ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ہم مسلسل مختلف ذرائع سے ویکسین کی خریداری کرتے چلے جارہے ہیں، 16 مئی کو 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن بھی شروع کردی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 30 سال سے 40 سال کی درمیانی عمر کے افراد ابھی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں لیکن ویکسینیشن کا عمل کچھ عرصے بعد شروع ہوگا اور اس کے لیے ایس ایم ایس کے ذریعے شناختی کارڈ نمبر بھیج کر رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 40 سال سے زائد عمر افراد کی ویکسینیشن 12 مئی سے واک ان کے طور پر شروع کی گئی تھی اور ان کو کسی قسم کی اپوائنمنٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ڈاکٹرفیصل سلطان نے کہا کہ میں کچھ غلط معلومات کا ذکر کرنا چاہتا ہوں کہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ اور شکایات بھی آتی ہیں،کچھ غلط معلومات جان بوجھ کر بھی پھیلائی جاتی ہیں۔