لاہور(سچ خبریں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ حکومت کے خلاف بغض و عناد رکھنے کے باعث حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف نہیں کرتے ، اپوزیشن والے خود ہی عمران خان کے بغض و عناد میں جل کر خاک ہو جائیں گے اور وزیر اعظم عمران خان عوام اور پاکستان کی ترقی کے لیے ایسے ہی کام کرتے رہیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اپنے ارکان ان کی قیادت سے ناراض ہیں، اپوزیشن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، خود تھک کر ہلکان ہوجائے گی، ان کے خلاف ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، سو سنار کی ایک ہوہار کی، ان کو اپنی کوشش کرنے دیں، جب یہ تھک جائیں گے تو ہم اپنے پتے شو کریں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ اپوزیشن آپس میں تقسیم ہے، ان میں کوئی اتفاق اور اتحاد نہیں، گزشتہ روز آپ نے مریم نواز کے آصف زرداری کے بارے میں خیالات سنے، اسی طرح پوری مسلم لیگ (ن) آصف زرداری کے بارے میں کوئی اچھے خیالات نہیں رکھتی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے بعد ہماری حکومت نے اگلے مرحلے میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک کے غریب اور پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سماجی فلاح و بہبود کے وژن کے تحت ہماری حکومت غریب اور پسے ہوئے طبقے کے لیے احساس پروگرام لے کر آئی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ابھی احساس پروگرام شروع کر رہی تھی کہ عالمی وبا کورونا آگیا، جس نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا لیکن وزیراعظم کی قیادت میں جس طرح ہماری حکومت نے کورونا کی وبا کا مقابلہ کیا اس کی دنیا نے تعریف کی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے فوری بعد ہمیں جس چیلنج سے نمٹنا پڑا وہ افغانستان کی صورتحال تھی، اس کے اثرات بھی پاکستان کی معیشت پر پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تمام مشکل حالات کے دوران پاکستان نے اندورنی طور پر کچھ اہم اقدامات کیے جن کے باعث پاکستان کی کنسٹرکشن کی صنعت نے شاندار ترقی کی جبکہ ہماری برآمدات میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا کردار لائق تحسین ہے، انہوں نے جو ترسیلات زر بھیجیں ان سے پاکستان کی معشیت کو استحکام دینے میں سہارا ملا۔
انہوں نے کہا کہ کل وزیراعظم نے عوام کو بڑا معاشی پیکج دیا، ایسے وقت میں جب دنیا میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں ہماری حکومت نے قیمتیں کم کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ایسے وقت میں پیٹرول کی قیمتیں کم کی ہیں جب روس، یوکرین تنازع کے باعث عالمی سطح پر اس کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت نے سفید پوش طبقے کو صحت سہولت کارڈ کے ذریعے مفت علاج معالجے کی سہولت دی اور گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے غریب، متوسط اور سفید پوش طبقے کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے آج اعلان کردہ صنعتی پیکج مڈل کلاس طبقے کے لیے خوشحالی لائے گا، اس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک میں صنعت کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جو کام کر رہے ہیں اس کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔