اسلام آباد: (سچ خبریں) پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایڈمرل نوید اشرف نے چیف آف نیول اسٹاف (سی این ایس) کا عہدہ سنبھال لیا۔
پاک بحریہ کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل (ر) امجد خان نیازی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے خطاب کرتے ہوئے نئے نیول چیف کو مبارکباد پیش کی اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ میں خدا کا شکر ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے مجھے عزت اور وقار کے ساتھ پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے کے قابل بنایا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ڈیوٹی کے دوران اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے میں عہدے سے سبکدوش ہو رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 برسوں کے دوران کورونا وبا کے سبب ہم نے دنیا کو بدلتے دیکھا، دنیا بھر میں نیول فورسز نے غیرمعمولی چیلنجز کا سامنا کیا اور ہر طرح کی انتظامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
ایڈمرل (ر) چیف امجد خان نیازی نے کہا کہ کورونا وبا دنیا بھر میں معاشی بحران کا بھی سبب بنی اور پاکستان بھی اس سے محفوظ نہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اندرون ملک سیکیورٹی چیلنجز، امریکا کا افغانستان سے انخلا اور گزشتہ برس بدترین سیلاب کا بھی سامنا کیا، جو ہم سے ایک ایسے نازک موڑ پر ٹکرایا جب ہم پہلے ہی معاشی چیلنجز کا بھی سامنا کررہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں مکمل اعتماد کے ساتھ یہ کہتا ہوں کہ ان مشکل حالات میں میرے پرنسپل کمانڈ آفیسرز اور فیلڈ کمانڈز نے پاکستان نیوی کے امور کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔
بعدازاں ایڈمرل (ر) چیف امجد خان نیازی نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سونپی جس کے بعد ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے۔
خیال رہے کہ 3 اکتوبر کو ترجمان پاک بحریہ نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ وائس ایڈمرل نوید اشرف کو 7 اکتوبر 2023 کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی، وائس ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا تھا کہ ایڈمرل نوید اشرف نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں، وہ اہم کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل نوید اشرف کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔
ایڈمرل نوید اشرف ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایڈمن) اور ڈپٹی پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس عہدے پر فائز ہونے سے قبل ایڈمرل نوید اشرف اس وقت نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف اسٹاف کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا تھا کہ ایڈمرل نوید اشرف کو غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جاچکا ہے۔