?️
اسلام آباد:(سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز میں الیکشن کرانے کے حکم کو آئین کی فتح قرار دے دیا۔
آج سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر سے متعلق ازخود نوٹس کا محفوظ فیصلہ سنادیا جس میں دونوں صوبوں میں 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ ہم عدالتِ عظمیٰ کےفیصلےکا خیرمقدم کرتے ہیں، آئین کا تحفظ سپریم کورٹ کا فرض تھا اور معزز ججز نےآج اپنے فیصلےکے ذریعے یہ فرض نہایت بہادری سےنبھایاہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی پر تصدیق کی ایک مہر ہے، ہم اپنی جیل بھروتحریک معطل کررہے ہیں اور خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابی مہم کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ’آئین کی فتح ہوئی، پارلیمانی جمہوریت کی فتح ہوئی‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’سپریم کورٹ کے واضع احکامات آگئے ہیں، پنجاب کے انتخابات کی تاریخ صدرمملکت دیں گے اور خیبر پختونخواہ کے گورنر کوفوراً تاریخ دینے کا پابندکردیا گیا ہے، جن جج صاحبان نے اختلاف کیا وہ بھی الیکشن 90 دن کے اندر کے اصول کو تسلیم کرتے ہیں‘۔
سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہ ہوا تو سپریم کورٹ آرٹیکل 187 کے ذریعے حکومت کو گھر بھیجے گی اور خود اس پر عملدرآمد کرائے گی۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ’پانچوں ججز نے 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کے قانون کی توثیق کی ہے، عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر صدر کو انتخابات کی تاریخ تجویز کرے‘۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آخرکار کپتان اور عوام کی فتح ہوئی، مسلم لیگ (ن) اور حواریوں نے ہر کوشش کی الیکشن سے فرار کی، الیکشن کمیشن نے بھی الیکشن میں تاخیر کی ہر ممکن کوشش کر ڈالی لیکن پاکستان کی عدلیہ کو سلام‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’پہلے جسٹس جواد حسن صاحب نے آئین بچایا اور آج سپریم کورٹ کے بہادر ججوں نے آئین کی حفاظت کی، ججز شکریہ‘۔
پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ ’انتخابات 90 دن سے آگے نہیں بڑھ سکتے، سپریم کورٹ نے آئین کا تحفظ کیا، آئین اور تحریک انصاف کی جیت ہوئی‘۔
انہوں نے لکھا کہ گورنر خیبرپختونخوا آئین کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا، اس آدمی کو کچھ شرم آنی چاہیے اور استعفیٰ دینا چاہیے’۔
سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی قوم کو آئین کی بالادستی اور سپریم کورٹ کے آئینی فیصلے پر مبارکباد دی۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر اسد قیصر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے، آئین کی بالادستی کے لیے 90 روز میں الیکشن کرانا ضروری ہے، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت صاف شفاف انتخابات کو یقینی بنائے، پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان الیکشن کی تیاری کریں‘۔
علاوہ ازیں صدر پی ٹی آئی سندھ علی حیدر زیدی، سابق وزیر موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر، پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات خرم شیر زمان اور فرخ حبیب سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے گئے مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات دونوں صوبوں میں 90 روز میں ہونا ہیں، پارلیمانی جمہوریت میں انتخابات اہم عنصر ہیں۔
سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کی جانب سے سامنے آنے والا یہ فیصلہ 2 کے مقابلے میں 3 کی اکثریت کے ساتھ جاری کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خیبرپختونخوا کی حد تک گورنرانتخابات کی تاریخ کا اعلان کرسکتا ہے، اگرگورنراسمبلی تحلیل نہ کرے تو صدر مملکت تاریخ کا اعلان کرسکتا ہے، الیکشن کمیشن فوری صدرمملکت سے مشاورت کرے، 9 اپریل کوانتخابات ممکن نہیں تومشاورت سے پنجاب میں تاریخ بدلی جاسکتی ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر صدر مملکت کو الیکشن کی تاریخ تجویز کرے، پنجاب کے الیکشن کی تاریخ صدرِ مملکت دیں گے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کر کے آئینی ذمہ داری سے انحراف کیا، گورنر کے پی صوبائی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کریں، الیکشن ایکٹ کے 57 اور 58 کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ دی جائے۔کے پی کے انتخابات کی تاریخ دینا گورنر کی ذمہ داری ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے آج مختصر فیصلہ جاری کیا گیا ہے، تفصیلی فیصلہ بند میں جاری کیا جائے گا، فیصلے کے مطابق آئین میں انتخابات کے لیے 60 اور 90 دن کا وقت دیا گیا ہے، جنرل انتخاب کا طریقہ کار مختلف ہے۔


مشہور خبریں۔
یمن کے خلاف سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی خطرناک سازشیں
?️ 13 دسمبر 2025سچ خبریں: صنعا میں نیشنل سالویشن گورنمنٹ کے وزیر خزانہ عبدالجبار احمد نے
دسمبر
نیتن یاہو نے قیدیوں کو رہا کر دیا ہے: صیہونی
?️ 22 ستمبر 2024سچ خبریں: صیہونی قیدیوں کے اہل خانہ نے قابض حکومت کے وزیر
ستمبر
پاکستان آئندہ سالوں میں عظیم ملک بنے گا: وزیراعظم
?️ 8 جولائی 2021اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان آئندہ
جولائی
کیا غزہ جنگ کے دو سال بعد امن منصوبہ کامیاب ہو پائے گا؟
?️ 8 اکتوبر 2025کیا غزہ جنگ کے دو سال بعد امن منصوبہ کامیاب ہو پائے
اکتوبر
خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی مواد پھٹنے سے دو اہلکار شہید
?️ 9 اپریل 2023اسلام آباد:(سچ خبریں) خیبرپختونخوا کے ضلع باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی
اپریل
اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججوں نے چیف جسٹس کے اقدامات کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
?️ 19 ستمبر 2025اسلام آباد: (سچ خبریں) اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججوں نے چیف
ستمبر
ٹرمپ نے ٹائم میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے نیتن یاہو پر کڑی تنقید کی
?️ 1 مئی 2024سچ خبریں: ٹائم میگزین نے اطلاع دی ہے کہ ٹرمپ نے 12 اپریل
مئی
پنڈورا دستاویزات کے ذریعہ کچھ عالمی رہنماؤں کی دولت منظرعام پر
?️ 4 اکتوبر 2021سچ خبریں:بین الاقوامی کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے)
اکتوبر