کراچی(سچ خبریں)وزیر اعظم عمران خان نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ،اندرون سندھ کے لوگوں کو خاص پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آزادی کا وقت آگیا ہے۔
کراچی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ علی زیدی اور ان کی ٹیم کے دورے سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت سندھ میں ہے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں، علی زیدی اور شاہ محمود کے بعد میں سندھ کا دورہ کروں گا۔
وزیر اعظم نے جلسے کے شرکا کو کے سی آر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر مکمل ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کا پیکج آہستہ آہستہ سب کے سامنے آتا جائےگا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنا کام کراچی کے لیے کسی نے نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کی تاریخ کا سب زیادہ ٹیکس ہماری حکومت میں ادا کیا، اور اس کی وجہ سے ہمیں توفیق ملی کہ ہم اپنی عوام پر بوجھ کم کریں، ہم نے پیٹرول اور ڈیزل پر 10 روپے کم کیے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ جب دنیا میں ڈیزل اور بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، تو ہم نے دونوں کی قیمت کم کی، پاکستان میں ڈیزل سب سے زیادہ سستا ہے دبئی میں ان کی زمین سے تیل نکلتا ہے وہاں بھی پیٹرول مہنگا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارا ملک صحیح راستے پر گامزن ہے، پاکستان کی تاریخ میں سب سےزیادہ ٹیکس کلیکشن سب سے زیادہ ترسیلات ہماری حکومت میں پہلی بار ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ ڈاکوؤں کے گلدستے کو خوف آنے لگ گیا ہے کہ یہ حکومت ہر مشکل سے نکلتی جارہی ہے، پہلے بینک کرپٹ حکومت سے ملک کو بچایا، پھر اللہ نے کورونا وائرس سے ہمیں نکالا، افغانستان کے مسئلے کے سبب ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا اس سے اللہ نے ہمیں بچایا اور اب یوکرین کی وجہ سے گندم اور تیل کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے، لیکن اللہ کا کرم ہے کہ میں نے اپنی قوم کو ان ساری چیزوں سے بچایا۔
کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے عدم اعتماد کی تحریک اسمبلی میں درج کروائی میں اپنی ٹیم کو کہہ رہا تھا کہ انہوں نے وہ کام کیا ہے جو میں چاہتا تھا کہ وہ کریں۔