اسلام آباد: (سچ خبریں) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیر سے 8300 پر مفت ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان سید ندیم حیدر ،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نگت صدیقی اور پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ریڈیو پاکستان کے مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرز 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کر کے اپنے پولنگ سٹیشن اور حلقوں کی تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں۔
ای سی پی کے مطابق اس نمبر پر میسج کرتے ہی ووٹر کو ایس ایم ایس کے ذریعے ووٹنگ کی تفصیلات بھیج دی جائیں گی، ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے ساتھ قومی شناختی کارڈ پولنگ اسٹیشن لے کر آنا ہوگا، زائد المیاد شناختی کارڈ یا نئے شناختی کارڈ کے ٹوکن کی رسید پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
ادھر ای سی پی نے پنجب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے 90 فیصد پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کت مطابق 8 فروری کو عام انتخابات کے موقع پر لاہور میں 14 قومی اور 30 صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر پولنگ ہوگی، شہر کے 44 حلقوں کیلئے مجموعی طور پر 4 ہزار403 پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے، جن میں سے الیکشن کمیشن نے شہر کے 3 ہزار 540 پولنگ سٹیشنز حساس اور 813 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس قرار دے دیئے اور صرف 50 پولنگ سٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ حساس پولنگ سٹیشنز کے باہر پولیس کی اضافی نفری کے ساتھ آرمی کے جوان بھی تعینات کیے جائیں گے، تمام پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں حساس اور انتہائی حساس قرار دیئے جانے والے پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 46 ہزار 65 ہے، الیکشن کمیشن نے 50 فیصد پولنگ اسٹیشنز کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا ہے کیوں کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں قائم کیے جانے والے کل 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز میں سے 46 ہزار 65 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔