لاہور(سچ خبریں) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وزیراعظم عمران خان کا50لاکھ گھروں کا خواب حقیقت میں بدل رہاہے، وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم”اپنا گھر اپنی چھت“ وعدے کی تکمیل کی جانب ٹھوس قدم بڑھا چکے ہیں، لاکھوں خاندان اپنے گھر کے خواب کی تعبیر دیکھ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے گاؤں چک نمبر39- این بی میں پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد اس وعدے کی تکمیل کی طرف واضح قدم ہے-پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت صوبے کی 146 تحصیلوں میں 133 مقامات پر گھر بنائے جائیں گے-
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں مختلف شہروں کے 32مقامات میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے 10 ہزار سے زائدگھر بنائے جا رہے ہیں -وزیر اعلی عثمان بزدار نے بتایا کہ سرگو دھا میں 6 مقامات پر 3,3 مرلے کے 1175 گھرکم آمدن والے لوگوں کے لئے بنائے جائیں گے-پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت ہر گھر کی مجموعی لاگت تقریباً14لاکھ روپے ہے۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ 3مرلے کا پلاٹ صرف 30ہزار روپے میں دیا گیا ہے جس کی مارکیٹ ویلیو لاکھوں میں ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے مزید بتایا کہ حکومت پاکستان ہر گھر کیلئے 3لاکھ روپے سبسڈی او رکم سود پر قرضہ فراہم کرے گی-
پنجاب بینک ہر گھر کی کنسٹرکشن کیلئے تقریباً 10لاکھ روپے قرض ماہانہ قسط 10ہزار روپے فراہم کرے گا۔بینک آف پنجاب مجموعی طورپر 10ہزار گھروں کے لئے 10ارب روپے فراہم کررہاہے -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی کابینہ اس پراجیکٹ کے 32مقامات کیلئے انفراسٹرکچر وغیرہ بنانے کیلئے 3ارب روپے کی منظوری دے چکی ہے-
پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹس میں سڑکیں،مسجد، پلے گراؤنڈ، سیوریج وغیرہ بھی بنائے جائیں گے اور ان کی دیکھ بھال بھی کی جائے گی-وزیر اعلی نے مزید بتایا کہ حکومت PHATA کوہاؤسنگ کے دوسرے پراجیکٹ کیلئے ایک ارب روپے فراہم کرچکی ہے- مائیکر وفنانسنگ کرنے والے اداروں کے ذریعے گھر بنانے کیلئے کوئی بھی شہری 10لاکھ روپے قرض حاصل کرسکے گا۔