اسلام آباد ( سچ خبریں) الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے بعد وفاقی کابینہ نے ایک نئے آرڈیننس کی منظوری دی ہے ، اب وفاقی وزراء کو انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت ہوگی ۔ اس سے پہلے وزرای اور پارلیمنٹ کے اراکین کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سماء نیوز کے مطابق نئے آرڈیننس کی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ میں تبدیلی کی گئی ، جس کے بعد اب انتخابات کی مہم میں وزراء اور اراکین اسمبلی بھی حصہ لے سکیں گے ، اس سے پہلے وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی تھی ، جس کی وجہ سے مہم میں حصہ لینے والے ارکان پارلیمنٹ الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز کا سامنا کرتے تھے ، جس کی وجہ سے مختلف سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے اس ضابطہ اخلاق پر تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے وزرا اور ایم پی ایز کی جانب سے رشتہ داروں کیلئے لابنگ کا انکشاف سامنے آگیا ، وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا اور شوکت یوسفزئی کے بھائی کا نام امیدواروں کی فہرست میں شامل ہونے کی اطلاعات ملنے لگیں ، وزیراعظم کی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان چند دن کے لیےموخر کردیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلےکے لیے پی ٹی آئی وزرا اور ایم پی ایز کی جانب سے رشتہ داروں کے لیے لابنگ شروع کردی گئی ہے ، اس حوالے سے وزیر اعظم کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ اجلاس میں امیدواروں کے چناؤ پر مشاورت کی گئی ، جہاں کہا گیا کہ رشتہ داروں کی سفارش کرنے والے وزراء اور اراکین پارلیمنٹ نتائج کے ذمہ دار ہوں گے ، جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان چند دن کے لیےموخر کردیا گیا ۔