(سچ خبریں)وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول پر غیرقانونی سبسڈی دےکر عوام کے ساتھ دھوکا کیا،اپنی شکست دیکھ کر معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کے دوران سابق حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے پر دستخط عمران خان کر کے گئے، موجودہ مہنگائی کےاعمال نامے دراصل عمران خان کی وجہ سے ہیں، ہمارا فوکس صرف اور صرف مہنگائی کم کرنا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر ہر جلسے میں استعمال ہو رہا ہے، عمران خان کس حیثیت میں سرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کررہے ہیں؟
مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کے دوران سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عمران خان کو سیالکوٹ میں جلسہ کرنے سے نہیں روکا، تحریک انصاف والے پریس کانفرنس میں بھی جھوٹ بولتے ہیں، عمران خان کہہ رہے ہیں کہ میں آرہا ہوں، آپ کو روک کون رہا ہے؟ آپ کو جلسوں کے لیے کون روک رہا ہے؟ ہم آپ کی تقریریوں سے نہیں ڈرتے، آپ کی نفرت انگیز تقاریر کا فائدہ ہمیں ہوگا۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے سیالکوٹ جلسے پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے متبادل جگہ بتائی گئی، سیالکوٹ جلسے پرحکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں تھا، سیالکوٹ کا جلسہ پی ٹی آئی اور مسیحی برادری کا تھا، ڈی سی سیالکوٹ نے 9مئی کو کو آگاہ کر دیا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو مسیحی برادری کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے تھا، حکومت کا فرض ہے کہ مسیحی برادری کو ان کا حق دیاجائے، مسیحی برادری نے کل اور آج بھی احتجاج کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام عمران خان کی اصلیت جان چکے ہیں، عمران خان اپنی نااہلی کا سوال چار ہفتے پرانی حکومت سے کر رہے ہیں، عمران خان نے نیب کو استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 3 سے 12 اپریل تک نالائق اور کرپٹ ٹولے نے آئین پر حملہ کیا، نالائق ٹولے نے دوست ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی تباہ کی، عمران خان کی غنڈہ گردی سے کوئی نہیں ڈرتا، خونی مارچ کرنا آپ کا جمہوری حق نہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان خونی مارچ کی کال دیں گے تو راناثنااللّٰہ کی عوام کو بچانےکی ذمہ داری ہے، ملک میں خونی مارچ کرنے کا کسی کو حق نہیں، تحریک انصاف کے جلسوں میں جانے والوں کو پیغام ہے عمران خان جھوٹ بولتےہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نالائق ہیں جنہوں نے نوجوانوں سے نوکریوں کے حوالے سے جھوٹ بولا، عمران خان نے غیرقانونی سبسڈی دی، عمران خان نے غیرقانونی سبسڈی دے کر عوام کے ساتھ دھوکا کیا، آپ نے چارسال ملکی معیشت تباہ کی ہے، جب آپ کو پتا چل گیا کہ آپ کوشکست ہو رہی ہے توآپ نے غیرقانونی سبسڈی دی۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب آپ حکومت چھوڑ کر گئے تو ایک ڈالر 189 روپے کا تھا، آج مہنگائی جس نہج پر ہے اس کا ذمہ دار عمران خان ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے پر دستخط عمران خان کر کے گئے، عمران خان کو سوال کا جواب دینا ہے، سوال پوچھنا نہیں ہے۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کہا تھا کہ آلو ٹماٹر کے ریٹ دیکھنے نہیں آیا، عمران خان آپ کوجھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، عمران خان آپ نے چینی برآمد کی، عمران خان کی معاشی تباہ کاریوں سے عوام کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آٹا 35 روپے نوازشریف کے دور میں تھا، عمران خان کے دور میں آٹا 90 روپے کلو پوگیا، عمران خان نے چینی برآمد کر کے اس کی قلت کرائی، 2018ء میں آٹا اور چینی ایکسپورٹ ہو رہا تھا، اب درآمد ہو رہا ہے، موجودہ مہنگائی کے اعمال نامے دراصل عمران خان کی وجہ سے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 1947ء سے 2018ء تک قرضہ پچیس ہزار بلین تھا، ساڑھے تین سال میں 43 ہزار بلین قرضہ پہنچ گیا، ن لیگ کے لگائے منصوبوں پر یہ جھوٹے تختیاں لگاتے رہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے11 روپے سے 24 روپے فی یونٹ بجلی کردی، عمران خان نے گیس 600 روپے سے 2400 روپے کردی، عمران خان دور میں گھی 140 روپے سے بڑھ کر 600روپے فی کلو ہوگیا، عمران خان نے ڈی اے پی کی بوری 2400 روپے سے 10 ہزار روپے کردی۔
پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے فاشسٹ رویئے کو اب بند ہونا چاہیے ، عمران خان نے پاکستان کی عوام کو بھوکا کر دیا، عمران خان سرکاری وسائل پر بیٹھ کر دھمکیاں دیتےہیں، عمران خان!! شیشہ دیکھ لیا کریں تاکہ شیشہ اپ کو سچ بتائے، عمران خان آپ کو توشہ خانے کے تحائف کا جواب دینا ہے، عمران خان آپ نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے موجودہ حکومت سے متعلق کہا کہ چار ہفتوں میں اگر کسی نے آٹا اور گھی سستا کیا وہ شہبازشریف ہیں، عمران خان نے ساٹھ لاکھ افراد کو بے روزگار کیا، سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو بتایا جائے چار سال کیا ہوتا رہا، عمران خان پاکستان کی عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے ، عوام عمران خان کے جھوٹ سن سن کرتھک گئے ہیں، عمران خان نے ہارنے کا پتہ چلنے پر معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے اندر تہذیب کو نقصان پہنچایا، عمران خان کی وجہ سے معاشرے کو نقصان ہواہے۔
مریم اورنگزیب کا لندن دورے سے متعلق کہنا تھا کہ لندن میں مسلم لیگ ن کا نجی دورہ تھا، لندن دورے کے اخراجات مسلم لیگ ن نے خود برداشت کیے، لندن میں مسلم لیگ ن نے مہنگائی پر طویل مشاورت کی۔
انہوں نے کہا کہ دورہ لندن پر بہت قیاس آرائیاں ہوئیں، وزیراعظم شہباز شریف جلد قوم کو فیصلوں کے حوالے سے بتائیں گے، موجودہ حکومت آئینی مدت مکمل کرے گی۔