نیویارک(سچ خبریں)عام صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے گوگل نے اپنی ویڈیو کمیونیکیشن سروس میٹ میں نئے فیچرز کا اضافہ کردیا ان فیچرز کی مدد سے صارفین اپنی ویڈیو کال فیڈ میں اسپارکل آئیکون کو استعمال کرسکیں گے۔
گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس میں گوگل میٹ کے لیے نئے ویڈیوز فلٹرز، ایفیکٹس اور اے آر ماسکس کا اضافہ کیا گیا ہے۔گوگل کی جانب سے ٹوئٹر پر اس کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ان فیچرز کی مدد سے صارفین اپنی ویڈیو کال فیڈ میں اسپارکل آئیکون کو استعمال کرسکیں گے۔
ان میں سے بیشتر فیچرز ان صارفین کو دستیاب ہوں گے جن کا پرسنل جی میل اکائونٹ ہوگا تاہم ورک اسپیس استعمال کرنے والے بھی کسی حد تک ان کو استعمال کرسکیں گے۔نائن ٹو فائیو گوگل کی ایک رپورٹ کے مطابق ان ویڈیو ایفیکٹس کو متعارف کرانے کا مقصد کاروباری اور بزنس صارفین سے توجہ ہٹا کر عام صارفین کو اس سروس کی جانب کھینچنا ہے۔
خیال رہے کہ گوگل میٹ کو گزشتہ سال پرسنل گوگل اکائونٹس رکھنے والوں کے لیے مفت کردیا گیا تھا۔ یہ نئے فلٹرز گوگل کی ڈو ویڈیو چیٹ سروس سے ملتے جلتے ہیں۔اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ گوگل کی جانب سے گوگل ڈو کو بتدریج میٹ سے بدل دیا جائے گا۔