لندن(سچ خبریں) ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف کون سی ویکیسن زیادہ مؤثر ہے؟ اس حوالے سے برطانوی ماہرین نے اپنی اہم تحقیق میں دعویٰ کیا ہے کہ فائزر ویکسین کی دو خوراکیں ڈیلٹا ویرینٹ کیخلاف88 فیصد مؤثرہیں، مذکورہ ویکسین کو کورونا کی ابتدائی اقسام کے خلاف نتیجہ خیز اور کارگر قرار دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک برطانوی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے سدباب کیلئے تیارکی گئی فائزر ویکسین کی دو خوراکیں ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف 88 فیصد مؤثر رہیں۔برطانوی تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی ایسٹرازینیکا ویکسین کی دو خوراکیں ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف 60 فیصد مؤثر رہیں۔
برطانوی تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف فائزر ویکسین کی ایک خوراک 36 فیصد جبکہ ایسٹرازینیکا کی ایک خوراک 30فیصد مؤثر رہی۔دوسری جانب چلی نے روسی کورونا وائرس کی ویکسین اسپوٹنک فائیو کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے ری لنکن یونی ورسٹی کے ماہرین نے چین کی تیار کردہ سائنو فارم ویکسین کے کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے خلاف انتہائی مؤثر ثابت ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔چینی اور خلیجی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سری لنکا کی جے وردنے پورہ Jayewardenepura یونی ورسٹی کے ماہرین نے ایک تحقیق میں یہ دعویٰ کیا ہے۔
جے وردنے پورہ یونی ورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 95 فیصد افراد جنہیں سائنو فارم ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں ان میں اتنی ہی اینٹی باڈیز پیدا ہو تی ہیں جتنی کورونا وائرس کا شکار کسی مریض میں ہوتی ہیں۔