سچ خبریں: شارٹ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے بیوٹی فلٹرز کے استعمال کا فیچر ختم کردے گا۔
ٹک ٹاک پر ہر عمر کے صارفین کے لیے الگ اور خصوصی بیوٹی فلٹرز دستیاب ہیں اور ایسے فلٹرز کی وجہ سے ایپلی کیشن کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔
ٹک ٹاک کو خصوصی طور پر کم عمر بچوں کے لیے متنازع اور مصنوعی طریقے سے خوبصورتی بڑھانے کے فلٹرز کی وجہ سے تنقید کی جاتی رہی ہے۔
لیکن اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ کم عمر صارفین کے لیے بیوٹی فلٹرز کو ختم کردیا جائے گا۔
برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق ٹک ٹاک کے عہدیدار نے یورپین سیفٹی فورم کی تقریب میں تصدیق کی کہ پلیٹ فارم پر 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے بیوٹی فلٹرز کو ختم کردیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پلیٹ فارم پر ’گلیمر بولڈ‘ سمیت اسی طرح کے دوسرے متنازع خوبصورتی بڑھانے والے فلٹرز کی وجہ سے کم عمر افراد ذہنی مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔
ٹک ٹاک پر مصنوعی خوبصورتی اور جسامت کو بہتر بنانے کے فلٹرز سے دوسرے کم عمر افراد اور خصوصی طور پر لڑکیاں متاثر ہو رہی ہیں اور وہ خود کو ٹک ٹاک پر نظر آنے والی دوسری ہم عمر مصنوعی خوبصورت لڑکیوں جیسا بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔
تاہم اب ٹک ٹاک نے پلیٹ فارم سے بیوٹی فلٹرز کے خاتمے کا اعلان کیا ہے لیکن یہ واضح نہیں کہ کب تک ایپلی کیشن سے مذکورہ فلٹرز ہٹائے جائیں گے۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹک ٹاک ترتیب وار تمام ممالک میں بیوٹی فلٹرز کو ختم کرنے کا سلسلہ جلد ہی شروع کرے گا۔