نیویارک( سچ خبریں) اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کا پرانا ورژن استعمال کرنے والے صارفین ہوشیا ر رہیں کہ اگر 27 ستمبر سے پہلے اینڈرائیڈ کا ورژن اپ ڈیٹ نہیں کریں گے تو انہیں پریشانی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ امریکی کمپنی گوگل نے سیکیورٹی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پرانے ورژن پر سائن اپ ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اینڈرائیڈ سافٹ ویئر تیار کرنے والی امریکی کمپنی گوگل نے سیکیورٹی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے 27 ستمبر 2021 سے اینڈرائیڈ 2.3.7 (جنجر بریڈ) یا اس سے پرانے ورژن پر گوگل سائن اپ ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے یعنی آپ اپنے فون کے ذریعے جی میل، گوگل میپس، یو ٹیوب اور دیگر گوگل ایپلی کیشن سے لطف اٹھانے سے محروم رہیں گے البتہ میسج اور کال کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اینڈرائیڈ سافٹ ویئر ورژن 3 (ہنی کامب) اور 4 (آئس کریم سینڈوچ) کو 10 سال قبل لانچ کیا گیا تھا البتہ یہ سافٹ ویئر اب بھی استعمال کے لائق ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ اینڈرائیڈ کے نصف سے زیادہ صارفین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ بیشتر افراد نئے ورژن پر مبنی اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گوگل کی جانب سے یہ فیصلہ سیکیورٹی صورتحال کو بہتر کرنے کی وجہ سے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی صارف کو پرانے سافٹ ویئر استعمال کرتے ہوئے اپنے گوگل اکاؤنٹ سے ہاتھ نہ دھونا پڑجائے کیونکہ 10 سال پرانے ورژن سے کئی گنا محفوظ نئے سافٹ ویئر ورژن موجود ہیں۔
گوگل نے صارفین پر زور دیا ہے کہ اگر ان کے پاس سہولت موجود ہے تو وہ اینڈرائیڈ کے تازہ ترین ورژن کو اپنے فون پر ڈاؤن لوڈ کرلیں تاکہ گوگل کی سروسز سے لطف اندوز ہوتے رہیں بصورت دیگر 27 ستمبر کے بعد انہیں جی میل اور یوٹیوب جیسی ایپس پر پاس ورڈ اور لاگ ان کے ایررز نظر آئیں گے۔