سچ خبریں: وفاقی حکومت کی جانب سے ’اسٹار لنک‘ کے پاکستان میں رجسٹرڈ ہونے کی تصدیق کے بعد عوام یہ جاننے کی جستجو میں ہیں کہ آخر ’اسٹار لنک‘ کیا ہے اور اس سے پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا؟
’اسٹار لنک‘ دراصل انٹرنیٹ اور موبائل سروس فراہم کرنے والی امریکی کمپنی ہے جو ایکس کے مالک ایلون مسک کی خلائی کمپنی ’اسپیس ایکس‘ کا حصہ ہے۔
’اسٹار لنک‘ روایتی انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں سے بالکل مختلف ہے، روایتی کمپنیاں تار کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کرتی ہیں جب کہ مذکورہ کمپنی خلائی سیٹ لائٹ کے ذریعے سہولیات فراہم کرتی ہے۔
’اسٹار لنک‘ کو 2015 سے قبل بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور 2019 میں مذکورہ کمپنی کے انٹرنیٹ سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنے کا پروگرام شروع کیا گیا تھا۔
’اسٹار لنک‘ پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق اسٹار لنک نے اس وقت خلا میں تقریبا ساڑھے 6 ہزار سیٹ لائٹس بھیج رکھے ہیں، جس میں سے زیادہ تر سیٹ لائٹ فعال ہیں اور وہ انٹرنیٹ کی سروسز فراہم کر رہے ہیں۔
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت تقریبا دنیا بھر کے 100 ممالک کے اندر اسٹار لنک کی سروسز کو استعمال کرنے کی اجازت حاصل ہے اور وہاں کے دور دراز کے علاقوں کے لوگ انٹرنیٹ سروسز استعمال کر رہے ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسٹار لنک کے سیٹ لائٹ کے ذریعے سمندر کی تہ سے، جنگل تک، پہاڑوں سے لے کر زمین غاروں تک اور یہاں تک کہ فضائی سفر کے دوران بھی انٹرنیٹ کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ساتھ اسٹار لنک روایتی انٹرنیٹ سروسز سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کی طرح بھی کام کرتی ہے اور روایتی ڈیوائسز اور تاروں کے ذریعے بھی ممالک اور شہروں میں انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرتی ہے۔
کمپنی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ وہ سستی انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی بھی ہے اور وہ کسی کو بھی مجبور نہیں کرتی کہ ان کے ساتھ کیا جانے والا معاہدہ ہر حال میں مکمل کیا جائے گا، کمپنی نے ہر کسی کو اختیار دے رکھا ہے کہ خریدار جب بھی اپنی مرضی کے مطابق چاہے تو خریداری کا معاہدہ منسوخ کر سکتا ہے۔
اسٹار لنک کے سیٹ لائٹ دنیا کے تمام ممالک کی فضائی حدود میں موجود ہوں گے اور ہر سیٹ لائٹ انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
اسٹار لنک کی سروسز استعمال کرنے کے لیے اسمارٹ فونز میں ایک خاص طرح کے فیچر یا سافٹ ویئر کو استعمال کیا جائے گا، جس طرح وائی فائی یا ڈیٹا پر منتقل ہونے کا فیچر استعمال کیا جاتا ہے، اسی طرح اسمارٹ فونز میں اسٹار لنک کے نیٹ ورک پر منتقل ہونے کا آپشن ہوگا۔
موبائل فونز پر اسٹار لنک کا انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے فونز کو تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ کمپنی ایسے سافٹ ویئرز یا فیچرز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرے گی۔
کمپنی کے مطابق اسٹار لنک کی انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے کسی طرح کے ٹاور یا تار کی ضرورت نہیں پڑے گی، زمین اور سمندر کی تہ سے لے کر پہاڑوں اور فضاؤں تک کے افراد انٹرنیٹ استعمال کر سکیں گے۔
اسٹار لنک کا دوسرا اہم کام یہ ہے کہ مذکورہ کمپنی موبائل سروسز بھی فراہم کرتی ہے، تاہم ابھی اس کی موبائل سروسز اتنی عام نہیں ہیں۔
یعنی جس طرح اسٹار لنک کا انٹرنیٹ ہر جگہ استعمال کیا جا سکے گا، اسی طرح اسٹار لنک سے منسلک ہونے کے بعد تمام صارفین فون کالز بھی کر سکیں گے۔
اسٹار لنک کی فون کالز سہولت استعمال کرنے کے لیے بھی موبائل سمز تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ موبائل فون آپریٹرز اسٹار لنک سے سہولیات خرید کر صارفین کو فیچرز تک رسائی دیں گے۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ اسٹار لنک کمپنی سروسز فراہم کرنے کے لیے حکومت کے پاس رجسٹرڈ ہو چکی ہے، تاہم اس کی سروسز کو استعمال کرنے کے حوالے سے ابھی لائحہ عمل نہیں جوڑا گیا۔
اسٹار لنک سے پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا؟
یہ انتہائی اہم سوال ہے اور اس کا سادہ جواب یہ ہے کہ اسٹار لنک کی سروسز استعمال کرنے کے بعد ریاست کے پاس انٹرنیٹ کو بند یا سست کرنے کے آپشن محدود ہوجائیں گے۔
اس سے ایک یہ فائدہ بھی ہوگا کہ اب ملک کے جن دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز دستیاب نہیں ہے، وہاں بھی یہ سہولیات متعارف ہوجائیں گی اور ان سروسز کی اسپیڈ بھی بہتر ہوگی۔
اسٹار لنک سروسز کے ساتھ منسلک ہونے کے بعد بظاہر پاکستان کی انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بہتر ہوجائیں گی اور ڈیجیٹل اکانامی میں بہتری کی امید ہے۔