بیروت (سچ خبریں) دہشت گرد ریاست اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان پر بمباری کی جارہی ہے لیکن ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق صیہونی میڈیا نے خبر دی ہے کہ اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ فلسطین کے ساتھ ملنے والے جنوبی لبنان کے علاقے کو ایک بار پھر اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ جمعرات کی صبح صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے علاقے حرجیہ پر کئی میزائل فائر کئے، بعض آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایف 16 جنگی طیاروں نے حملہ کیا ہے، یہ حملہ ایسے میں ہوا ہے کہ جب عبری زبان کے ذرائع ابلاغ نے بدھ کے روز جنوبی لبنان پر صیہونی توپخانوں کے حملوں کی خبر دی تھی۔
صیہونی حکومت کا دعوی ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی جانب لبنان سے فائرکئے گئے 3 میزائلوں کے بعد جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
عبری زبان کے ٹیلی ویژن چینل کان کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے لبنان پر توپوں کے 100 گولے فائر کئے۔
عبری زبان کے صیہونی اخبار یدیعوت آحارانوت کے خبرنگار نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں اس حوالے سے لکھا ہے کہ اسرائیلی ایئرفورس کے جنگی طیارے، فائر کئے گئے راکٹوں کے جواب میں اس وقت لبنان کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ تین راکٹ لبنان سے داغے گئے جن میں سے ایک اسرائیلی سرحد سے پہلے ہی گیا اور بقیہ دو اسرائیل کے اندر گرے، لبنان میں عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیل پر کئی راکٹ داغے گئے۔