بیروت (سچ خبریں) فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے لبنانی قیادت کے ساتھ اہم ملاقات کی جس میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فلسطینی قوم کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی قیادت میں جماعت کے وفد نے لبنان کے صدر مشل عون اور وزیراعظم حسان دیاب سے الگ الگ ملاقات کی، ان ملاقاتوں میں حماس کی قیادت نے فلسطین کی تازین ترین صورت حال کے بارے میں لبنانی قیادت کو بریفنگ دی۔
اس موقعے پر لبنانی صدر مشل عون نے کہا کہ ان کا ملک قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل کے حوالے سے دیرینہ موقف پرقائم رہنے کےعزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کا کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کی حمایت اور فلسطینی تحریک مزاحمت کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے غزہ کی پٹی پر حالیہ معرکے کے دوران فلسطینی مزاحمت کی کامیابی پر حماس کی قیادت کو مبارک باد پیش کی۔
اس موقعے پر حماس کی قیادت نے لبنان کی جانب سے فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کے دیرینہ موقف پر بیروت کا شکریہ ادا کیا۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ لبنانی حکومت کی طرف سے فلسطینیوں کے حوالے سے اختیار کردہ جرات مندانہ موقف قابل تحسین ہے اور حماس اس موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
قبل ازیں اسماعیل ہنیہ کی قیادت میں حماس کے وفد نے لبنانی وزیراعظم حسان دیاب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
حماس کے وفد اور لبنانی وزیراعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، غزہ کی تعمیر نو، غرب اردن میں یہودی آبادکاری اور مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔