جکارتہ (سچ خبریں) کورونا وائرس کے پیش نظر انڈونیشیا نے حج جانے والے افراد کے بارے میں اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنے ملک کے شہریوں کو حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کی حکومت نے رواں سال شہریوں کو مناسک حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب نہ بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔
انڈونیشیا کے وزیر مذہبی امور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی خطرناک صورت حال کے باعث شہریوں کو حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر نے مزید کہا کہ سعودی حکومت نے حج کے لیے رابطہ نہیں کیا، جن شہریوں نے حج کے لیے رقم دی ہے ان کو اگلے سال حج پر بھیجنے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ پچھلے سال بھی انڈونیشیا نے مناسک حج کی ادائیگی کے لیے شہریوں کو سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں دی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب نے کورونا کی عالمی وبا کے پھیلاو کے پیش نظر اس سال بھی خصوصی شرائط کے ساتھ حج کروانے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا تھا کہ زائرین کی صحت و سلامتی کے مکمل انتظامات ہوں گے، حج کے آپریشنل امور اور تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی صرف سعودی عرب کے رہائشیوں کو ہی مخصوص شرائط کے ساتھ حج کی اجازت دی گئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ رواں سال فروری میں سعودی حکومت نے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سفارت کاروں، سعودی شہریوں، طبی ماہرین اور ان کے اہل خانہ کے سوا 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔