نئی دہلی (سچ خبریں) بھارت میں کورونا وائرس سے بحرانی صورتحال ہوگئی ہے جس کے بعد ہسپتالوں میں جگہ ختم جبکہ مصنوعی آکسیجن کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ اس بگڑتی صورتحال کے باعث بھارت میں صحت کا نظام بھی بری طرح سے متاثر ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں گذشتہ روز 3 لاکھ 32 ہزار 730 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 2263 مریض انتقال کر گئے جو اس وقت دنیا میں یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد بھی ہے۔
بھارت میں ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار 920 ہوچکی ہے۔
دہلی حکومت کے آن لائن ڈیٹابیس کے مطابق دو تہائی سے زائد ہسپتال مکمل طور پر بھر چکے ہیں اور ڈاکٹروں نے مریضوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ مختلف ریاستوں میں مصنوعی آکسیجن کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے بھارتی ریاست مہاراشٹرا، اڑیسہ، کیرالہ اور کرناٹکا میں ویک اینڈ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا جبکہ اس وباء سے متاثرہ مریضوں کی تعداد1 کروڑ 66 لاکھ 10 ہزار 481 سے تجاوز کرگئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے بھارت کی چار ریاستوں میں ویک اینڈ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔
خیال رہے بھارت میں کورونا وائرس سے صورتحال مزید بگڑنے لگی ہے، بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 66 ہزار 836 کیسز اور 773 اموات رپورٹ ہوئیں ہیں ۔
عالمی ویب سائٹ کے مطابق نئی دہلی میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 24 ہزار 331 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 348 اموات ہوئیں ہیں جبکہ امریکا نے بھارت میں کورونا صورتحال پر طبی مدد کی یقین دہانی کی ہے۔
بھارت میں آکسیجن سلنڈرز کی کمی کے باعث صورتحال مزید خطرناک ہوگئی ہے، اسپتالوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں موجود ہیں جبکہ اسپتال میں جگہ نہ ہونے کے باعث عوام فٹ پاتھ پر سلنڈرز لیے نظر آرہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بھارت میں صورتحال اس قدر خراب ہےکہ کورونا کی وجہ سے ہر 4 منٹ میں ایک شخص کی موت ہورہی ہے جبکہ وبا کی حالیہ لہر کم از کم 3 ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہے جس کے نتیجے میں اموات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کئی ممالک نے بھارت سے کورونا وباء کے باعث سفری رابطہ معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ایوایشن اتھارٹی کو آگاہ بھی کردیا ہے اور ساتھ ساتھ بھارت میں مقیم لوگوں کو بھارت چھورنے کا بھی کہہ دیا ہے۔
واضح رہے کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے بھارتی ریاست مہاراشٹرا، اڑیسہ، کیرالہ اور کرناٹکا میں ویک اینڈ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے اور کویت، کینیڈا، سعودی عرب سمیت کئی ممالک نے بھارت سے براہ راست کمرشل پروازیں معطل کردی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بھارت میں گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والے کمبھ میلے کے باعث بھارت میں وبا کے پھیلاؤ میں بہت زیادہ تیزی آئی ہے لیکن حکومت اور بھارتی میڈیا اس سلسلے میں بالکل خاموش ہیں اور ابھی تک اس میلے کے حوالے سے کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا ہے۔