نائجیریا (سچ خبریں) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو نائجیریا کے صدر کی پوسٹ ڈیلیٹ کرنا اتنا مہنگا پڑا کہ نائجیریا نے ملک میں ٹوئٹر سروس غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کردی۔
تفصیلات کے مطابق نائجیریا نے صدر محمد ہوباری کی پوسٹ ڈیلیٹ کرنے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروس کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے معطل کردیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق صدر محمد بوہاری نے اپنی ٹوئٹ میں مقامی علیحدگی پسندوں کو سزا دینے کی دھمکی دی تھی جس کے نتیجے میں وہ ٹوئٹر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے تھے اور دو دن قبل ان کی ٹوئٹ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ نے ڈیلیٹ کردیا تھا، صدر کی پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کے دو دن بعد ہی نائجیریا نے ملک میں ٹوئٹر سروس غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کردی۔
وزیر اطلاعات لائی محمد نے ٹوئٹر سروس کی معطلی کے حوالے سے کہا کہ حکومت نے یہ کارروائی اس لیے کی کیونکہ ان سرگرمیوں کے لیے پلیٹ فارم کے مستقل استعمال کی وجہ سے نائیجیریا کے کارپوریٹ وجود کو خطرات لاحق ہیں۔
معطلی کی تفصیلات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایک معاون خصوصی نے رائٹرز کو بتایا کہ انتظار کریں اور دیکھیں کہ معاملات کیا شکل اختیار کرتے ہیں۔
رائٹرز نے ٹوئٹرز سروس کی بندش کی جانچ کے حوالے سے جب لاگوس اور ابوجا میں ٹیسٹ کیے تو ہفتے کو دن کے ابتدائی گھنٹوں کے دوران کچھ موبائل آپریٹرز کے ذریعے ویب سائٹ تک رسائی ممکن نہ تھی البتہ ٹوئٹر کی ایپلی کیشن اور ویب سائٹ ملک میں دیگر نیٹ ورکس کے ذریعے قابل رسائی تھی۔
ٹوئٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ نائجیریا کی حکومت کی جانب سے آپریشن کی معطلی کے بارے میں ٹوئٹر کو شدید تشویش ہے اور وہ اس بارے میں تحقیقات کررہا ہے، جب مزید معلومات ہوں گی تو اس حوالے سے آگاہ کردیا جائے گا۔
بدھ کے روز امریکی کی ٹیکنالوجی کمپنی نے کہا کہ سرکاری عمارتوں پر حملوں میں ملوث عناصر کو ٹوئٹ میں سزا دینے کی دھمکی دے کر نائجیریا کے صدر ٹوئٹر کے خراب رویے کی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے اور اس پوسٹ کو ہٹا دیا گیا۔
اپریل میں نائجیریا کے وزیر اطلاعات نے اس وقت غصے میں شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا جب ٹوئٹر نے پڑوسی ملک گھانا کو اپنے پہلے افریقی دفتر کے طور پر منتخب کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کمپنی نائیجیریا کے حوالے سے ان خبروں سے متاثر تھی جن میں اس کی غلط منظر کشی کی گئی اور مظاہروں پر کریک ڈاؤن کی خبریں نشر کی گئیں۔
پولیس اصلاحات کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین نے پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کے مبینہ ثبوت سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے لیے منظم انداز میں چندہ اکٹھا کیا تھا، ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو جیک ڈورسی نے اپنے فالوورز کو عطیہ کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ٹوئٹ کی تھی۔
مظاہروں کے تناظر میں محمد بوہاری نے جعلی خبروں کے سدباب کے سلسلے میں سوشل میڈیا کے حوالے سے ضابطہ اخلاق بنانے کی ہدایت کی تھی۔
جمعہ کے روز نائیجیریا کے ایک سب سے بڑے موبائل آپریٹرز میں سے ایک ایئرٹیل کے ترجمان نے رابطہ کرنے پر یہ بتانے سے انکار کردیا کہ آیا کمپنی کو معطلی کے بارے میں کوئی سرکاری ہدایت موصول ہوئی ہیں یا نہیں، سب سے بڑے موبائل آپریٹر ایم ٹی این سے اس حوالے سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے کال اور میسیجز کا جواب دینے سے گریز کیا۔