سچ خبریں:صیہونی حکومت کے سب سے زیادہ نشر ہونے والے ذرائع ابلاغ میں سے ایک کے مطابق، مستقبل کے بارے میں خوف اور اسرائیلی معاشرے میں پائی جانے والی داخلی بدامنی نے صیہونیوں میں مستقبل کی امید کو کافی حد تک کم کر دیا ہے۔
کثیر الاشاعت صیہونی اخبار اسرائیل ہیوم نے اپنی ایک رپورٹ میں صہیونیوں کی اپنے مستقبل کے بارے میں بڑھتی ہوئی تشویش کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسرائیلی معاشرے کے اندر سماجی تقسیم سے لے کر مہنگائی اور ایران کا خوف ان کے اندر مستقبل کی امید کو کافی حد تک کم کرنے کی اہم وجوہات ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی معاشرے میں کیے گئے تازہ ترین سروے کے مطابق 40 فیصد اسرائیلیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی حکومت کے مستقبل کے بارے میں پر امید نہیں ہیں جبکہ نوجوان صیہونی حکومت کے مستقبل کے بارے میں سب سے زیادہ مایوسی کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی 41 فیصد آبادی سماجی تقسیم کو اس حکومت کا بنیادی اور فوری مسئلہ قرار دیتی ہے، جب کہ 25 فیصد نے مہنگائی، 12 فیصد نے ایران کا خطرہ اور 12 فیصد نے فلسطینیوں کے ساتھ سیاسی سمجھوتہ کا انتخاب کیا۔
ایک اور سروے سے پتا چلا ہے کہ 33 فیصد اسرائیلیوں نے گزشتہ سال مقبوضہ فلسطین سے واپس ہجرت کرنے کا سوچا، جن میں سے 66 فیصد کی عمر 24 سال سے کم اور 53 فیصد کی عمر 34 سال سے کم تھی۔