سچ خبریں:10 یورپی ممالک نے ایک پٹیشن پر دستخط کیے ہیں جس میں صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری بند کرے اور ان کی زمینوں کو ضبط کرنے سے روکے۔
10 یورپی ممالک کے سفارتی وفود نے صیہونی حکومت سے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے اور ان کے مکانات کو مسمار کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا،صہیونی اخبار یدیوت احرونٹ کی رپورٹ کے مطابق بیلجیم، فرانس، اٹلی، اسپین، سویڈن، برطانیہ، ڈنمارک، فن لینڈ، آئرلینڈ کے قونصل خانوں کے علاوہ مغربی کنارےاور غزہ کی پٹی میں یورپی یونین کے نمائندہ دفتر نے اس مشترکہ بیان پر دستخط کیے ہیں۔
مذکورہ وفود نے صیہونی حکومت سے کہا کہ وہ فلسیطنیوں کی زمینوں پر قبضے اور ان کے مکانات کی مسماری کا عمل بند کرے نیز انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو مشرقی بیت المقدس سمیت مغربی کنارے تک بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی کی اجازت دے۔
نمائندوں نے تقریباً 1.29 ملین یورو کے انسانی سازوسامان اور سہولیات کی واپسی یا معاوضے کی بھی درخواست کی جو 2015 سے تباہیا ضبط کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ایک بنیاد پرست اور انتہا پسند کابینہ کی قیادت کر رہے ہیں جو فلسطینی مخالف موقف اپنا کر فلسطینی سرزمین پر غیر قانونی صیہونی بستیاں تعمیر کر رہی ہے اور فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کررہی ہے۔