سچ خبریں:فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک نے صیہونیوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ قابض صیہونی دشمن کے خلاف جہاد کرنے والے تمام فلسطینی جوانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی جہاد اسلامی تنظیم کے جنرل سکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے تین روز قبل نابلس میں صیہونی دہشتگردوں کی فائرنگ میں شہید ہوجانے والے تین نوجوانوں کے اہل خانہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں انکے پیاروں کے خون کا انتقام لئے جانے کا اطمینان دلاتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تین نوجوان غاصب صیہونی دشمن کے خلاف بے مثال شہادت پسندانہ کاروائیاں کرتے رہے اور آخر کار اپنے شہید مجاہد بھائیوں کی صف میں شامل ہو گئے،زیاد النخالہ نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں استقامتی و مزاحمتی کاروائیوں کا سلسلہ رکنے والا نہیں ہے اور صیہونی دشمن آئندہ دنوں میں یہ دیکھ لے گا کہ اسکے اندازے غلط ثابت ہوئے ہیں۔
فلسطینی رہنما نے کہا کہ ارض فلسطین پر قابض صیہونی دشمن کے خلاف جہاد کرنے والے تمام فلسطینی جوانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنا ہمارے لئے فخر کی بات ہے اور ہم ایسا کرتے رہیں گے۔