سچ خبریں:ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ ہمارے نقطہ نظر سے نئی دہلی میں افغان سفارت خانے کی انتظامیہ سے متعلق مسائل داخلی مسئلہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ افغان حکام سفارت خانے کے کنٹرول کا مسئلہ آپس میں حل کر لیں گے۔
افغانستان کی سابقہ حکومت کے سفیر فرید ماموندزی اگست 2021 میں طالبان حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کے نمائندے کے طور پر کام کرتے رہے لیکن حال ہی میں کابل کی نئی حکومت نے اپنا سفیر متعارف کرایا ہے جس پر سفارت کاروں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
اس سال مئی کے اواخر میں بعض میڈیا نے افغان وزارت خارجہ کے ایک سابق سفارت کار کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ہندوستانی حکومت نے نئی دہلی میں افغان سفارت خانہ طالبان کے حوالے کر دیا ہے۔
اس ذریعے نے یہ بھی بتایا کہ قادر شاہ کو نئی افغان حکومت نے نئی دہلی میں سفارت خانے کا سربراہ مقرر کیا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ ہندوستان میں افغان سفارت خانے کے نئے چارج ڈی افیئرز کے طور پر تعینات ہونے سے قبل قادر شاہ اس ملک کی سابقہ حکومت میں قومی سلامتی کونسل کے ترجمان کے طور پر کام کر چکے ہیں۔