سچ خبریں:اپنے آپ کو انسانی حقوق کا علمبردار کہلانے والے مغربی ممالک انسانی حقوق نام کی پائمالی میں سر فہرست دکھائی دیتے ہیں۔
مغربی معاشرہ ایک ایسا معاشرہ ہے کہ جس کے بارے میں دنیا میں تاثر پیدا کیا گیا ہے کہ یہاں دنیا کے دیگر ممالک سے زیادہ انسانی حقوق، آزادی اظہار اور دیگر حقوق حاصل ہیں۔اگر چہ مغربی معاشرے کی اصل شکل اس کے بر عکس ہی پائی جاتی ہے۔ مغربی دنیا کی حکومتیں بالخصوص امریکہ دنیا میں انسانی حقوق کو پائمال کرنے میں سب سے آگے ہے۔ اسی طرح برطانوی حکومت کے ماتھے پر فلسطین میں غاصب صہیونیوں کو لا کر اسرائیل بنوانے کا سیاہ داغ آج بھی واضح نظر آ رہا ہے۔ یورپ کے دیگر ممالک میں بھی اسی طرح ک صورت حال موجود ہے،ہر یورپی ملک کسی نہ کسی طرح امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ مل کر کسی نہ کسی دوسری حکومت اور ممالک کے عوام کے حقوق سلب کرنے میں پیش پیش ہیں۔
مغربی دنیا کی حکومتوں نے انسانی حقوق کے بعد دوسرا ہتھیار جو استعمال کیا ہے وہ آزادی اظہار رائے ہے۔ حالانکہ آزادی اظہار ایک اچھی بات ہے کہ ہر انسان کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق دیا جائے۔تا کہ معاشروں میں مختلف ذہیت رکھنے والے افراد ایک دوسرے کے خیالات سے آگاہ ہو سکیں او ر تجربات حاصل کریں۔لیکن مغربی دنیا اور اس کی حکومتوں کی جانب سے ہمیشہ آزادی اظہار رائے کے حق کو دنیا کی دوسری حکومتوں کے خلاف استعمال کرنے کے لئے بطور ہتھیار رکھا گیا ہے۔