سچ خبریں:عراق میں امریکی اتحاد کے ایک لاجسٹک قافلے کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا۔
عراقی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی عراق میں امریکی اتحادی فوج کے لیے ضروری ساز و سامان اور رسد لے جانے والے ایک قافلے کو سڑک کے کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دھماکا صوبہ ذی قار کے شہر الناصریہ کے قریب ہوا تاہم ابھی تک اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے اور نہ ہی کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
قابل ذکرہے کہ یہ قافلے کویت کی سرحد سے عراق میں داخل ہوئے اور امریکی فوجیوں کو درکار سامان لے کر جارہے تھے جبکہ امریکیوں نے دھماکوں کے خوف سے عراقی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو سامان پہنچانے کے لیے استعمال کیا۔
یادرہے کہ عراقی پارلیمنٹ کےاپنے ملک سے غیر ملکی فوجیوں کو نکالنے کے فیصلے اور بغداد حکومت کی جانب سے ایسا کرنے میں تاخیر کے بعد، امریکی اتحادی افواج کے رسد کے قافلوں کو ہفتے میں کئی بار، کبھی کبھی دن میں کئی بار سڑک کے کنارے نصب بموں سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔
عراقی گروہوں کا اصرار ہے کہ عراقی حکومت کو پارلیمنٹ کی طرف سے منظور کردہ قرارداد کے بعد عراق سے غیر ملکی فوجیوں کو نکالنا چاہیے۔