سچ خبریں:طالبان کے ساتھ مقابلہ کرنے کے بہانے امریکی دہشتگردوں نے افغانستان کے بیس عام شہریوں کو ہلاک اور ایک اسکول نیز ایک طبی مرکز کو تباہ کردیا۔
افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں سے صوبے ہلمند میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں جب کہ امریکی فضائی حملے اور طالبان سے جھڑپوں کے نتیجے میں 20 عام شہری جاں بحق ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ علاقے میں ایک اسکول اور کلینک بھی تباہ ہوگیا۔
دوسری جانب اسکول کے چوکیدار کا کہنا ہے کہ رات 10 بجے کے قریب فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اسکول تباہ ہو گیا، اس کے علاوہ ہلمند میں رہائش پذیر افراد کے مطابق فضائی اور راکٹ حملوں میں صرف عام شہری مارے گئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب افغان سکیورٹی فورسز کے مطابق لشکرگاہ کے ضلع 1 اور 2 کو طالبان سے خالی کرالیا گیا ہے جب کہ ضلع نمبر 2 اور 7 میں طالبان نے اپنے ٹھکانے بنائے ہوئے تھے جہاں امریکی B-52 بمبار طیاروں نے فضائی حملہ کیا۔
یادرہے کہ ایک طرف امریکہ افغانستان سے اپنے فوجی انخلا کا ڈھونگ رچا رہا ہے اور دوسری طرف اس ملک میں رہنے کے لیے بہانے ڈھونڈ رہا ہے جس کاثبوت حالیہ دنوں میں ہونے والے حملےہیں جن میں زیادہ تر افغان عام شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس سے قبل بھی امریکی متعدد عہدہ دار اعتراف کر چکے ہیں کہ ہمارے اتحادیوں کے ہاتھوں اس ملک کے ہزاروں بے گناہ عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔