سچ خبریں:صہیونی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں اچانک داخل ہونے کے بعد ایک 37 سالہ فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے آج (پیر) صبح 37 سالہ فلسطینی اشرف محمد امین ابراہیم کی شہادت کی خبر دی ، رپورٹ کے مطابق یہ نوجوان فلسطینی آج علی الصبح مغربی کنارے کے شمال میں واقع شہر جنین میں صہیونی فوجیوں کی گولی کا نشانہ بن کر شہید ہو گیا۔
فلسطین کی وزارت صحت نے نشاندہی کی کہ اشرف ابراہیم پیٹ اور سینے میں گولیاں لگنے کے چند گھنٹے بعد ہی شہید ہو گیا،اس بیان کے مطابق اس فلسطینی شہید کے پیٹ میں لگنے والی دھماکہ خیز گولیوں میں سے ایک گولی نے اس کے جگر کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے اور دوسری گولی اس کے سینے میں لگنے سے اس کا پھیپھڑا پھٹ گیا۔
در ایں اثنا فلسطینی ذرائع نے آج صبح اطلاع دی کہ جنین شہر میں صیہونی فوجیوں کے داخلے اور فلسطینی نوجوانوں کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں 8 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے اطلاع دی ہے کہ اس تنازعے میں فلسطینی نوجوانوں کے زخمی ہونے کے بعد صیہونی فورسز نے ایمبولینسوں کو زخمیوں کو منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی اور ان فورسز نے اپنی فوجی گاڑیوں کو ایمبولینسوں سے ٹکرایا تاکہ زخمیوں کو طبی مراکز تک پہنچانے سے روکا جا سکے۔