سچ خبریں:صیہونی فوج نے یہودیوں کی عید کے موقع پر بیت القدس میں حفاظتی انتظامات تیز کرنے کے بہانے پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے۔
صیہونی حکومت نے یہودیوں کی عید کفارہ کے بہانے قدس میں حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں اور اس مقبوضہ شہر کا محاصرہ کر دیا ہے،العالم کی رپورٹ کے مطابق، مقامی ذرائع کے مطابق سڑکوں کی بندش سے شہر میں قدس کے عوام کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے اور بعض مقامات پر ٹریفک کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔
ان ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے جبل مکبر محلے کے آس پاس سیمنٹ کی رکاوٹیں اور سرخ ٹیپیں لگا دیں نیز مسجد الاقصی کے جنوب میں واقع سلوان شہر میں واقع وادی الربابہ محلے کے داخلی راستوں میں سے ایک کو بند کر دیا۔
علاوہ از ایں قابض حکومت نے شیخ جراح محلے اور باب العمود کی طرف جانے والے المصرہ محلے کو بھی گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ متعدد مقامات پر صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔
شہر کا محاصرہ کر کے اور سڑکوں اور محلوں کو بند کر کے، قابض حکومت نے یہودیوں کی چھٹیوں کو قدس کے باسیوں کے لیے تباہی میں تبدیل کر دیا ہے۔