سچ خبریں:شام کے صوبہ دیر الزور شہر میں واقع العمر آئل فیلڈ میں امریکی فوجیوں کے سب سے برے اڈے کو یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں نے ہلا کر رکھ دیا۔
شامی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ اس ملک کے صوبہ دیر الزور کے مشرق میں واقع العمر آئل فیلڈ کے اندر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جہاں امریکی قابض افواج کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے، شام کے صوبے دیر الزور سے اسپوٹنک کے رپورٹر کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے بعد اس تیل کے میدان میں امریکی فوجی اڈے کے اندر سے آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل دکھائی دے رہے تھے۔
واضح رہے کہ دھماکوں کے بعد امریکی قابض افواج کے جنگی طیاروں نے اس علاقہ میں پروازیں کی، مقامی ذرائع کے مطابق العمر آئل فیلڈ کے اندر یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور اس سے دھویں اور آگ کے ستون اٹھ رہے تھے۔
تاہم ان دھماکوں کی وجہ سے ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصانات کے بارے میں ابھی تک معلومات جاری نہیں کی گئی ہیں، یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران عمر آئل فیلڈ پر متعدد بار میزائلوں اور نامعلوم ڈرونز سے حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ مذکورہ امریکی بیس کو بھاری مقدار میں مالی نقصان پہنچا ہے۔