سچ خبریں:سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ یمنی فوج کے ڈرون نے جنوبی سعودی عرب میں آرامکو کی تیل کی تنصیبات، ایک گیس ریفائنری اور ایک پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا۔
سعودی اتحاد کے ترجمان نے آج صبح اعلان کیا کہ یمنی فوج نے جنوبی سعودی عرب میں بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کیے جن میں اس ملک کے صوبے جازان میں آرامکو کی تنصیبات اور الشقیق کے علاقے منرل واٹر کے کارخانے کو نشانہ بنایا ہے۔
سعودی اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ یمنی فورسز کی صبح کی فضائی کارروائی میں جنوب مغربی سعودی عرب میں واقع "ظہران الجنوب” پاور پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا،انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنوبی سعودی عرب میں خمیس مشیط کے علاقے میں واقع گیس ریفائنری ڈرون حملوں کا ایک اور ہدف تھی۔
سعودی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی سعودی عرب کی فضا میں یمنی فوج کے چار ڈرونز کو دفاعی نظام نے تباہ کردیا ہے،درایں اثنا یمن میں جارح اتحاد نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سعودی میزائل ڈیفنس سسٹم نے جنوبی سعودی عرب کے جیزان پر داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل بھی تباہ کیا ہے۔
یادرہے کہ سعودی دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر کے مطابق، سعودی-امریکی دفاعی نظام بہت سے یمنی ڈرون کو روکنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔