سچ خبریں:انسانی حقوق کی 22 تنظیموں نے سعودی جیل میں قید لینا الشریف کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انسانی حقوق کی 22 تنظیموں نے ایک مشترکہ خط میں سعودی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زیر حراست سعودی سماجی کارکن لینا الشریف کو غیر مشروط طور پر رہا کریں،تنظیموں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ لینا الشریف کو سوشل میڈیا پر ان کی سرگرمیوں کے نتیجے میں ایک سال سے زائد عرصے سے من مانے طریقہ سے حراست میں رکھا ہوا ہے۔
ان تنظیموں کے مطابق لینا الشریف ریاض میں ایک ڈاکٹر ہیں جنہیں سعودی حکام نے مئی 2021 میں گرفتار کیا تھا اور ان کے اہل خانہ کو ان سے رابطہ کرنے سے روک دیا تھا نیز انہیں زبردستی غائب کر دیا گیا، واضح رہے کہ لینا الشریف ایک سوشل میڈیا کارکن ہیں جنہوں نے سعودی پالیسی پر نتقید کی اور سعودی عرب میں انسانی حقوق بشمول خواتین کے حقوق اور آزادی اظہار رائے کا دفاع کیا۔
سعودی حکام نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر الشریف نے آزادی اظہار کا حق استعمال کرتے ہوئے سعودی قانون کی خلاف ورزی کی اور انہیں انسداد جرائم اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے قانون کے آرٹیکل 2 اور 19 کے تحت گرفتار کیا گیا۔