سچ خبریں:روس میں بی بی سی نیوز سروس نے حال ہی میں جعلی خبریں نشر کرنے کے خلاف روسی پارلیمنٹ کی طرف سے منظور کیے گئے قانون کی مخالفت میں اپنا کام بند کردیا ہے۔
روسی ڈوما میں ایک قانون کی منظوری کے بعد، جس میں اس ملک کی فوجی کارروائیوں کے بارے میں جعلی خبریں نشر کرنے کو جرم اور قابل سزا قراردیا گیا ہے، BBC ورلڈ سروس نے روس کے اندر اپنے صحافیوں اور معاون عملے کو عارضی طور پر کام بند کرنے کا حکم یا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق بی بی سی کے سکریٹری جنرل ٹم ڈیوی نے ایک بیان میں کہاکہ یوکرائن اور دنیا بھر میں ہمارے نامہ نگار یوکرائن پر ہونےوالے حملے کی رپورٹنگ جاری رکھیں گے نیز اس تنظیم کی روسی زبان کی نیوز سروس روس کے باہر سے کام کرتی رہے گی۔
ان کا دعویٰ ہے کہ یہ قانون آزاد صحافت کے عمل کو متاثر کرے گا ،یادرہے کہ روسی ڈوما نے یوکرائن میں روسی فوجی کارروائیوں کے بارے میں غلط معلومات نشر کرنے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا قانون منظور کیا ہے جس کے تحت روس میں فوج کے بارے میں غلط خبریں پھیلانے پر 15 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ غیر ملکی ممالک سے روس پر پابندیاں عائد کرنے کی درخواست کرنے پر بھی تین سال تک قید ہو سکتی ہے۔
روسی پارلیمنٹ کے اسپیکر ویاچسلاو ولوڈن نے قانون کی منظوری کے بعد کہا کہ یہ قانون ان لوگوں کو سخت سزا دیتا ہے جو جھوٹ بول رہے ہیں اور ہماری مسلح افواج کو بدنام کرنے کے لیے طرح طرح کے بیانات دےرہے ہیں۔