سچ خبریں:ایران کا کہنا ہے کہ صیہونیوں کے ہاتھوں کھلے عام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑانے پر عالمی برادری کی خاموشی نے صیہونیوں کو مزید گستاخ بنا دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے صیہونی حکومت کی بھرپور حمایت سے صیہونی حکام کے جارحانہ اور مجرمانہ اقدامات میں مزید تیزی آئی ہے، انھوں نے کہا کہ امریکہ کی اسی حمایت کے بل بوتے پر اسرائیل جولان پر غاصبانہ قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے جہاں سے وپ شام کی بنیادی تنصیبات کو جارحیت کا نشانہ بناتا رہتا ہے۔
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران صیہونی فضائیہ نے شام میں دہشت گرد گروہوں کی بھرپور حمایت کی ہے ، جب بھی شامی فوج اور اتحادی قوتیں دہشت گرد گروہوں کو شکست دیتی ہیں یا انھیں نقصان پہنچاتی ہیں تو صیہونی فضائیہ میدان عمل میں آکر جارحانہ حملے کرتی ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں کی جانب سے اس غاصب حکومت کے خلاف موثر اور قانونی اقدامات عمل میں لائے جانے کا خواہاں ہے اس لیے کہ انہیں اداروں کی خاموشی کی وجہ سے صیہونیوں کو مزید گستاخی اور جارحیت کرنے کا موقع مل رہا ہے۔