سچ خبریں:اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے ایران کے نئے صدر کو بھیجے جانے والے ایک پیغام میں انھیں صدارت کے عہدے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نئی ایرانی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوترش نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے نام ایک پیغام میں عہدہ صدارت کی مبارکباد دی اور کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کے سیکریٹری جنرل پوری دنیا میں انسانی حقوق، پائیدار ترقی اور امن و سیکورٹی کے لئے ذاتی طور پر ایران کی نئی حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے نام آنٹونیو گوترش کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ آپ کا دور صدارت ایسے عالم میں شروع ہورہا ہے جب ہمیں ایران، علاقے اور دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ، ماحولیاتی تبدیلیوں اور مغربی ایشیا میں تباہ کن اور طویل تنازعات کے ساتھ ہی مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔
مذکورہ پیغام میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور میں درج اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے ہمیں حکومت ایران کے تعاون کا یقین ہے۔