سچ خبریں:امریکی میگزین نے ایران بحریہ کے کمانڈر کے حالیہ بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ حالیہ برسوں میں ایران نے فوجی ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے۔
امریکی میگزین "ڈیفنس پوسٹ” نے اپنے تجزیہ میں ایرانی بحریہ میں دو مقامی تباہ کن بحری جہاز "زاگرس” اور "دماوند- 2” کی قریب الوقوع شمولیت کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل شہرام ایرانی نے حال ہی میں ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں کہا تھا کہ زاگرس اور دماوند- 2 تباہ کن جہازوں کی تعمیر طے شدہ منصوبوں کے مطابق آگے بڑھی ہے اور انشاء اللہ انہیں جلد ہی لانچ کیا جائے گا۔
ڈیفنس پوسٹ نے لکھا ہے کہ حالیہ برسوں میں ایران نے اپنی فوج کو خود کفیل بنانے کے لیے مقامی آلات اور ساز و سامان کی تیاری میں نمایاں پیشرفت حاصل کی ہے،اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے اس سلسلے میں واضح کیا کہ یہ دونوں ڈیسٹرائر ایک سرکاری تقریب میں اور ایک خاص موقع پر بحریہ کی آپریشنل باڈی میں شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی مکمل جانچ ہونی چاہیے اور جمع کی جانے والی تکنیکی معلومات کو بحریہ کے تکنیکی اور صنعتی شعبے کو منتقل کیا جانا چاہیے تاکہ اسے جدید ترین ٹیکنالوجی کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔