سچ خبریں:صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت اور امریکہ اردن کو النقب کونسل کا رکن بننے پر راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صہیونی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس وقت جبکہ النقب کونسل کے رکن ممالک آئندہ اجلاس کی تیاری کر رہے ہیں،صیہونی اور امریکی حکام اردن کو اس فورم میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، واضح رہے کہ النقب کونسل امریکہ، متحدہ عرب امارات، مراکش اور بحرین پر مشتمل ہے ، اس کا پہلا اجلاس گزشتہ مارچ میں مقبوضہ النقب کے علاقے میں منعقد ہوا تھا جس میں صیہونیوں کے علاوہ ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی تھی،اس حکومت نے مذکورہ ملاقات کو تاریخی سفارتی ملاقات قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق اردن کے حکام نے کہا ہے کہ جب تک فلسطینی اس فورم میں موجود نہیں ہوں گے وہ اس فورم میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود فورم کے اراکین خاص طور پر امریکہ اردن کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ شریک ہوجائیں۔
المیادین چینل کے مطابق ایک عرب سفارت کار نے یہ بھی کہا کہ اس فورم میں اردن کی موجودگی اہم ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فورم فلسطین کے مسئلے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہتا اور اردن کی موجودگی اس بات کی ضمانت دیتی ہے کہ یہ مسئلہ ہمیشہ ایجنڈے میں رہے گا۔