سچ خبریں:اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نےصیہونی حکومت کی جانب سے مئی کی غزہ جنگ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے بجٹ کو منسوخ کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا جس سے اس غاصب حکومت کے ریکارڈ میں ایک اور شکست کا اضافہ ہوا ۔
فلسطین الیوم نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی فنڈنگ منسوخ کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا گیا اور اس طرح حکومت کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا، 77 کے گروپ کی قیادت میں چین اور عرب ریاستوں کے 125 ممالک نے صیہونی حکومت کے خلاف ووٹ دیا جبکہ امریکہ اور تل ابیب سمیت صرف سات ممالک نےصیہونیوں کے حق میں ووٹ دیا۔
صیہونی حکومت نے پانچویں کمیٹی (انتظامی امور اور جنرل اسمبلی کے بجٹ کی ذمہ دار کمیٹی) کے بیان میں اصلاح کی تجویز پیش کی تھی، کمیٹی نے مئی میں غزہ پر تل ابیب کے حملے کے بعد انسانی حقوق کونسل کی طرف سے قائم کی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے لیے فنڈنگ کی تجویز پیش کی تھی۔
صیہونی حکومت کی تجویز کو مسترد کیے جانے کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے رواں اجلاس میں صیہونی حکومت کی شکستوں میں ایک اور شکست کا اضافہ ہوگیا ہے،درایں اثنا اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے ریاض منصور نے ان ممالک کا شکریہ ادا کیا جو فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیلی تسلط کے خلاف ہیں، انہوں نے فلسطینی ایجنسی برائے مہاجرین اور روزگار UNRWA کے بجٹ میں اضافہ سمیت فلسطینی کاز سے متعلق پروگراموں کے لیے فنڈز مختص کرنے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا بھی شکریہ ادا کیا۔